کوہلی نے بنگلہ دیشی امیدوں کے محل کو کھنڈر بنادیا

ایشیا کپ میچ میں بھارتی قائد کے136رنز،میزبان ٹیم6 وکٹ سے ناکام، مشفیق الرحیم کی سنچری مٹی میں مل گئی

بھارتی کپتان ویرت کوہلی شاٹ کھیلنے کے بعد گیند کو دیکھ رہے ہیں، انھوں نے سنچری بنائی۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ میں کوہلی نے بنگلہ دیشی امیدوں کے محل کو کھنڈر بنا دیا، 279 رنز اسکور بورڈ پر سجاکر خود کو فاتح سمجھنے والے بنگال ٹائیگرز 6 وکٹ سے ہار گئے، مشفیق الرحیم کی سنچری بھی مٹی میں مل گئی، بھارت نے ہدف ایک اوور قبل صرف 4وکٹیں گنوا کر حاصل کرلیا۔

کپتان نے اجنکیا راہنے کے ساتھ 213 رنز کی شراکت بنائی، 30 سے زائد اوورز میں میزبان بولرز بے بسی کی تصویر بنے رہے۔ تفصیلات کے مطابق فتح کیلیے 280 رنز کا ہدف پانے والی بھارتی ٹیم نے آغاز نہایت احتیاط سے کیا، شیکھر دھون (28) کو عبدالرزاق نے ایل بی ڈبلیوکردیا، اگلے اوور میں ضیا الرحمان نے دوسرے اوپنر روہت شرما(21) کی وکٹیں اڑا دیں، اس موقع پر کوہلی اور راہنے نے بنگلہ دیشی بولرز کو تگنی کا ناچ نچاتے ہوئے 54 سے مجموعی اسکور کو 267 رنز تک پہنچایا، دونوں کی بیٹنگ دیکھتے ہوئے بنگلہ دیشی شائقین کی امیدیں بھی دم توڑنے لگیں، جیسے ہی کوہلی نے 19 ویں ون ڈے سنچری مکمل کی تو تماشائی اٹھ کر گھروں کو واپس جانے لگے،اگرچہ اس وقت بھی 12.3 اوورز میں بھارتی ٹیم کو فتح کیلیے مزید 77 رنز درکار تھے، اس جوڑی کا خاتمہ آخر روبیل نے کوہلی کو بولڈ کرکے کیا، انھوں نے 2 چھکوں اور 16 چوکوں کی مدد سے122 بالز پر 136 رنز اسکور کیے۔




ایک اوور بعد اجنکیا راہنے بھی رخصت ہوگئے، 73 رنز پر سوہاگ غازی کی گیند پر ان کا متبادل فیلڈر امرالقیس نے کیچ تھاما، اس وقت بھارت کو فتح کیلیے مزید 8 رنزدکار تھے جو ایک اوور قبل ہی بن گئے۔اس سے قبل بنگلہ دیش نے 7 وکٹ پر 279 رنز اسکور کیے، شمس الرحمان (7) کا محمد شامی نے اپنی ہی گیند پر کیچ لیا، مومن الحق (23) کو ایشون کی گیند آگے نکل کر کھیلنے کی کوشش مہنگی پڑی، کارتھک نے اسٹمپڈ کرنے میں دیر نہیں لگائی، اس موقع پر انعام الحق اور مشفیق الرحیم کے درمیان تیسری وکٹ کیلیے 133 کی شراکت ہوئی، 77 کے انفرادی اسکور پر انعام کو ورون ارون نے بولڈ کیا، نعیم اسلام (14) اور ناصرحسین (1) محمد شامی کا شکار بنے، ضیاالرحمان (18)کو بھونیشور کمارنے ارون کی مدد سے قابوکیا، آخری اوور کی تیسری گیند پر مشفیق الرحیم بھی شامی کی وکٹ بن گئے،کیچ ڈیپ مڈ وکٹ پر روہت شرما نے تھاما، انھوں نے 113 بالز پر 2 چھکوں اور 7 چوکوں کی مدد سے 117 رنز اسکور کیے، شامی نے 50 رنز دے کر 4 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔
Load Next Story