بنگلہ دیش کرپشن اشرفل لو ونسنٹ اور لوکاراچی قصور وار نکلے

ٹریبونل کے سامنے جرم کا اعتراف، ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے مالک بھی فکسنگ میں ملوث

سزاؤں کا اعلان 2 ہفتوں میں کیا جائے گا، اسٹیونز سمیت 6 افراد کیلیے کلین چٹ۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش پریمیئر لیگ کرپشن کیس میں تین انٹرنیشنل کرکٹرز اشرفل، نیوزی لینڈ کے لو ونسنٹ اور سری لنکن کوشل لوکاراچی قصور وار نکلے، ٹریبونل کے سامنے تینوں نے اپنے جرم کا اعتراف بھی کیا۔


ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے ایک مالک شہاب چوہدری کو بھی فکسنگ میں ملوث قرار دیا گیا، سزائوں کا اعلان 2ہفتوں میں کیا جائے گا، ڈیرن اسٹیونز سمیت 6 افراد کو کلین چٹ دے دی گئی۔ تفصیلات کے مطابق بنگلہ دیش کرکٹ بورڈ کی جانب سے کرپشن کیس کی سماعت کیلیے قائم شدہ ٹریبونل نے اپنا مختصر فیصلہ سنا دیا، اس میں تین انٹرنیشنل کرکٹرز سابق بنگلہ دیشی کپتان محمد اشرفل، نیوزی لینڈ کے لوونسنٹ اور سری لنکن لوکاراچی جبکہ ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے ایک مالک شہاب چوہدری کو کرپشن میں ملوث قرار دیا گیا۔ محمد اشرفل نے پہلے ہی ایک پریس کانفرنس میں اعتراف کیا تھا کہ وہ فکسنگ میں ملوث رہے ہیں۔

ٹریبونل کے ایک ممبر شکیل قاسم نے کہاکہ لوونسنٹ اور لوکاراچی بھی اپنے قصور وار ہونے کا اعتراف کرچکے، ہم ان کے اقبال جرم کا جائزہ لے رہے ہیں،2ہفتوں میں اس حوالے سے فیصلہ سنادیں گے۔ ٹریبونل کی جانب سے 6 افراد کو کلین چٹ دی گئی، ان میں انگلش کائونٹی کینٹ کے ڈیرن اسٹیونز، بنگلہ دیشی کرکٹرز محبوب العالم اور مشرف حسین، ڈھاکا گلیڈی ایٹر کے مالک سلیم چوہدری، چیف ایگزیکٹیو گاروو راوت و بولنگ کوچ محمد رفیق شامل ہیں۔ ٹریبونل کی جانب سے جاری کردہ بیان میں محبوب اور مشرف پر ابتدائی طور پر عائد کی جانے والی معطلی کی سزا بھی ختم کردی گئی۔ یاد رہے کہ اشرفل پر ڈھاکا گلیڈی ایٹر اور چٹاگانگ کنگز کے درمیان میچ میں فکسنگ کا الزام لگا، مقامی میڈیا کے مطابق انھیں گذشتہ برس 2فروری کو کھیلے گئے اس میچ کے لیے 10 لاکھ ٹکا ادا کیے گئے تھے۔
Load Next Story