قائد آباد منگل بازار میں خواتین کو چھیڑنے پر جھگڑا نوجوان ہلاک

ماروی گوٹھ کی خواتین بازارآئیں توچند افرادنے بدتمیزی کی،خواتین کے گھرجاکربتانے پر رشتے داروں کے آنے پرتصادم ہوگیا

جھگڑے کے دوران 4افرادزخمی ہوگئے،ابراہیم اسپتال منتقلی کے دوران دم توڑگیا، 4 افراد کو حراست میں لے لیاگیا،پولیس فوٹو: فائل

قائد آباد ماروی گوٹھ کے منگل بازار میں افطار سے چند منٹ قبل خواتین سے بدتمیزی کرنے پر 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں ایک نوجوان تیز دھارآلے کے وار سے جاں بحق ہوگیا جبکہ لاٹھی اورڈنڈوں کے وار سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔

شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کی حدود ماروی گوٹھ چلندر گراؤنڈ میں منگل بچت بازار میں 2 گروپوں کے درمیان جھگڑے کے دوران تیز دھارآلے کے وار اور ڈنڈوں سے 4 افراد زخمی ہوگئے اس دوران مشتعل افراد نے پتھاروں کو آگ لگادی۔

پولیس نے موقع پر پہنچ کر چھری کے وار سے شدید زخمی ہونے والے 27 سالہ ابراہیم ولد صدیق کو ایمبولنس میں جناح اسپتال منتقل کررہے تھے کہ نوجوان نے راستے میں ہی دم توڑ دیا جبکہ لاٹھی اور ڈنڈوں کے وار سے زخمی 3 افراد کو قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا۔


ایس ایچ او ممتاز مروت نے بتایاکہ ماروی گوٹھ کی چند خواتین منگل بازار میں خریداری کے لیے آئی ہوئی تھی ان کے ساتھ منگل بازار کی انتظامیہ اور دیگر افراد نے بدتمیزی کی۔

خواتین نے گھر جاکر اپنے اہل خانہ کو واقعے سے آگاہ کیا خواتین کے گھر والے منگل بازار کی انتظامیہ سے بات کرنے آئے تو لڑائی شروع ہوگئی دونوں گروپوں نے ایک دوسرے پر لاٹھیوں اور ڈنڈوں سے حملہ کردیا اور تیز دھار آلے کے وار سے 27 سالہ ابراہیم شدید زخمی ہوگیا جو اسپتال منتقلی کے دوران راستے میں دم توڑ گیا۔

مقتول ابراہیم خواتین کا رشتے دار تھا پولیس منگل بازار کی انتظامیہ کے اراکین سمیت 4 افراد کو حراست میں لے لیا۔
Load Next Story