دعا زہرہ کے والد نے بیٹی کی کم عمری کے ثبوت پیش کردیے

شادی 7 مئی 2005ء کو ہوئی، شادی کو 18 سال نہیں ہوئے، دعا 27 اپریل 2008ء کو پیدا ہوئی، والد کی پریس کانفرنس

(فوٹو : فائل)

کراچی سے جاکر لاہور میں نکاح کرنے والی دعا زہرہ کے والد نے بیٹی کے نکاح نامے کو جعلی قراردیتے ہوئے بچی کی کم عمری کے ثبوت پیش کردیے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی کے علاقے گولڈن ٹاؤن ملیر سے لاپتا ہوکر لاہور پہنچنے اور شادی کرنے والی لڑکی دعا زہرہ کے والد نے اپنی کراچی رہائش گاہ پر پریس کانفرنس کی ہے جس میں انہوں ںے بیٹی کو کراچی لاکر شفاف تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔

لڑکی کے والد مہدی کاظمی نے اہلیہ کے ہمراہ پریس کانفرنس میں کہا کہ مجھے خوشی ہوئی کہ میری بیٹی زندہ ہے اس حوالے سے ایجنسیز، وفاقی و صوبائی حکومت اور پولیس کا شکر گزار ہوں، اگر ہم غلط ہوتے تو میڈیا میں کیوں آتے۔

انھوں نے میڈیا کو اپنا رجسٹرڈ نکاح نامہ دکھایا اور بتایا کہ ان کی شادی 7 مئی 2005ء کو ہوئی، شادی کو 18 سال نہیں ہوئے تو دعا 18 سال کی کیسے ہوگئی؟ انہوں نے دعا کی پیدائش کے سرٹیفکیٹ کی کاپی اور پاسپورٹ دیکھاتے ہوئے بتایا کہ دعا 27 اپریل 2008ء کو پیدا ہوئی، جب واقعہ ہوا دعا پورے 14 سال کی بھی نہیں تھی، دعا 27 اپریل کو 14 سال کی ہوئی ہے۔


مہدی کاظمی نے کہا کہ ان کے پاس تمام ثبوت موجود ہیں کہ ان کی بیٹی 18 سال کی نہیں ہے، انھوں نے کبھی اپنی بیٹی پر تشدد نہیں کیا بلکہ اپنی بیٹی کو بڑے پیار اور لاڈ سے پالا ہے۔

یہ بھی پڑھیں : کسی نے اغوا نہیں کیا اپنی مرضی سے شادی کی،دعا زہرہ کا ویڈیوبیان

دعا کے والد کا مزید کہنا تھا کہ میری درخواست ہے دعا کو فوری کراچی لایا جائے، واقعہ کی شفاف تحقیقات کی جائیں، دعا کو کراچی لانے کے بعد مجھے نہیں دیا جائے بلکہ چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے سپرد کردیا جائے، یہ بات طے ہے کہ 18 سال سے کم عمر لڑکی کو لے جانا اغوا ہے اور وہ ظہیر احمد کو نہیں جانتے، دعا کا لڑکے سے موبائل گیم کے ذریعے رابطہ ہوا، گیم میں ایک دوسرے کو فون کال کی بھی سہولت موجود ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ان کی بیٹی گزشتہ 11 روز سے ظہیر کے پاس موجود ہے اور دعا پر دباؤ ڈال کر بیان دلوائے جارہے ہیں، دعا کو جو کہا جا رہا ہے دعا وہ کہہ رہی ہے۔

ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ وہ 18 اپریل کو لاہور کیا کہیں بھی نہیں گئے، ہر چیز جھوٹ چل رہی ہے، نکاح نامے پر جس مولانا کا نام لکھا ہوا ہے اس ہی مولانا کا کہنا ہے کہ اس نے نکاح نہیں پڑھایا، نکاح نامہ جعلی ہے اور اب نکاح رجسٹرڈ بھی نہیں ہوا۔
Load Next Story