ڈی ایچ اے سی ویو پارک میں فلاور شو کا آغاز شہریوں کا رش

پھول فطری حسن کے عکاس ہوتے ہیں، لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی کا تقریب سے خطاب

ڈی ایچ اے کے تحت منعقدہ پھولوں کی نمائش دیکھنے کے لیے خواتین سی ویو پارک آرہی ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

MUMBAI:
ڈی ایچ اے سی ویو پبلک پارک میں جمعرات کو 63 ویںپاکستان فلاور شو کا افتتاح کیاگیا، پھولوں کی نمائش کا انعقاد ہارٹیکلچرل سوسائٹی آف پاکستان نے ڈیفنس ہاؤسنگ اتھارٹی اورکنٹونمنٹ بورڈ کلفٹن کے اشتراک سے کیا۔

نمائش میں خواتین اور بچوںکی کثیر تعداد موجود تھی، تقریب میںخوبصورت موسمی پھول حسین منظر پیش کررہے تھے، نیول بینڈ کی دلکش دھنوں نے فلاور شو کی رعنائیوں کو دوبالا کردیا، تقریب کے مہمان خصوصی کمانڈر 5 کور لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی تھے،تقریب سے خطاب کرتے ہوئے لیفٹیننٹ جنرل سجادغنی نے کہا کہ پھول فطری حسن کے عکاس ہوتے ہیں اور انسانی دل ودماغ کوتروتازہ و شاداب کرتے ہیں۔


اس موقع پر ایڈمنسٹریٹر ڈی ایچ اے، بریگیڈیر محمد عبداللہ بھی موجود تھے،ایچ ایس پی گارڈن سوسائٹی کے صدرلیفٹیننٹ جنرل (ر) جہانزیب ارباب نے بھی خطاب کیا، اس موقع پرمختلف کیٹگریز میں جیتنے پر متعدد اداروں کو انعامات دیے گئے۔ ڈیفنس اتھارٹی زم زمہ پارک، سی بی سی ہلال پارک اور سی بی سی راحت پارک نے بڑے، میڈیم اور چھوٹے پارکوں میں بالترتیب پہلی پوزیشن حاصل کی،ڈی ایچ اے گذری ہل ٹاپ اورگیٹز فارما چوراہے نے خوبصورت اسپاٹ کی کیٹگری میں پہلی اور دوسری پوزیشن حاصل کی۔

بڑے سرکاری بنگلوں میں فلیگ اسٹاف ہاؤس، چھوٹے سرکاری بنگلوں میں اسٹیشن کمانڈر ہاؤس، کلب گارڈن (بڑے) میں سندھ کلب ،کلب گارڈن(چھوٹے) میں کراچی بوٹ کلب اور مسجد گارڈن میں ڈی ایچ اے طوبیٰ مسجد کو اپنی اپنی کٹیگری میں پہلا انعام ملا، انسٹیٹوٹ گارڈن میں کالج آف فزیشن اینڈ سرجن نے پہلی پوزیشن حاصل کی، کالج/یونیورسٹی گارڈن میں ڈی ایچ اے ڈگری کالج فارمین نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔
Load Next Story