ایشیا کپ ’’ون مین آرمی‘‘ سنگا کارا نے بھارت فتح کر لیا

ساتھی پلیئرز کی ناکامی کا کوئی اثر نہ لیتے ہوئے شاندار سنچری بنائی، سری لنکا نے آخری اوور میں8 وکٹ پر ہدف عبور کیا

سری لنکن بیٹسمین کمار سنگاکارا کاجارحانہ اسٹروک، ان کی سنچری نے ٹیم کو بھارت کیخلاف فتح دلادی

ISLAMABAD:
'' ون مین آرمی'' سنگاکارا نے بھارت فتح کر لیا،ایشیا کپ کے میچ میں سری لنکن بیٹسمین نے ساتھی پلیئرز کی ناکامی کا کوئی اثر نہ لیتے ہوئے شاندار سنچری بنائی، ٹیم نے آخری اوور میں8 وکٹ پر ہدف عبور کیا۔


قبل ازیں اوپنر کوشل پریرا نے 64 رنز کی اننگز کھیلی،2 وکٹ کی شکست کا شکار ہونیوالی بھارتی ٹیم نے4کیچز ڈراپ کیے، اس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے9 وکٹ پر 264 کا مجموعہ پایا تھا، اوپنر شیکھر دھون 6رنز کی کمی سے سنچری مکمل نہ کر سکے، اسپنر اجنتھا مینڈس نے ٹیم میں واپسی پر4 پلیئرز کو آئوٹ کیا۔ تفصیلات کے مطابق سری لنکا کو فتح کیلیے آخری اوور میں ایک رن درکار تھا،بھونیشور کمار کی پہلی گیند پر مڈآف میں دھون نے تشارا پریرا کا آسان کیچ ڈراپ کر دیا،اگلی گیند پر ایج لگنے سے سنگل رن بن گیا،اوور تھرو پر گیند بائونڈری لائن بھی پارکرگئی، اس سے قبل اننگز کا 49 واں اوور بھی سنسنی خیز رہا،شامی کی پہلی گیند پر پریرا نے سنگل لے کر اسٹرائیک کمار سنگاکارا کو دی، وہ اس وقت 99 کے انفرادی اسکور پر تھے، انھوں نے ڈیپ اسکوائر لیگ پر چوکا لگاکر کیریئر کی 18ویں ون ڈے سنچری مکمل کی، بائونڈری لائن پر دھون گیند کو قابو نہیں کرپائے۔

شامی نے اگلی ہی گیند پر سنگاکارا کی قیمتی وکٹ لے کر میچ میں دلچسپی بڑھا دی،ان کی فل ٹاس پر گیند تھرڈ مین پر موجود ایشون کی جانب گئی، انھوں نے زمین کے انتہائی قریب کیچ تھاما، تھرڈ امپائر نے خاصی تسلی کرنے کے بعد سری لنکن بیٹسمین کو آئوٹ قرار دیا،انھوں نے 12 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 103 رنز اسکور کیے، اوپنر کوشل پریرا 64 اور لاہیرو تھریمانے 38 رنز بناکر دیگر 2 نمایاں بیٹسمین ثابت ہوئے، تشارا پریرا 11 اور اجنتھا 5 پر ناٹ آئوٹ رہے، محمد شامی اور جڈیجا نے 3، 3 جبکہ ایشون نے 2 وکٹیں لیں۔ قبل ازیں سری لنکا کی دعوت پر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بھارتی ٹیم نے مقررہ 50 اوورز میں 9 وکٹ پر 264 رنز بنائے، عمدہ اننگز کھیلنے والے دھون نروس نائنٹیز کا شکار بنے، وہ 94 کی اننگز کھیلنے کے بعد مینڈس کی گیند پر بولڈ ہوئے، مینڈس نے کوہلی (48) کو بھی ٹھکانے لگایا، دونوں نے دوسری وکٹ کیلیے97 رنزکی شراکت بنائی، مینڈس نے 4 اور سینانائیکے نے 3 وکٹیں لیں۔
Load Next Story