دبئی ٹینس فیڈرر نووک جوکو وک کو ٹھکانے لگا دیا

فیصلہ کن معرکے میں شاندار فارم کا مظاہرہ کرنے والے ٹوماس بریڈیچ سے مقابلہ ہوگا،شریبر ناکام

دبئی ٹینس: راجر فیڈرر سیمی فائنل میں جوکووک کیخلاف گیند ریٹرن کررہے ہیں ، وہ یہ مقابلہ جیت گئے ۔ فوٹو : اے ایف پی

دبئی ٹینس میں پانچ مرتبہ کے فاتح راجرفیڈرر نے دفاعی چیمپئن نووک جوکووک کو ٹھکانے لگادیا، وہ چھٹی ٹرافی سے ایک فتح کی دوری پر پہنچ گئے۔


فیصلہ کن معرکے میں ان کا سامنا شاندار فارم کا مظاہرہ کرنے والے جمہوریہ چیک کے ٹوماس بریڈیچ سے ہوگا، جنھوں نے جرمن حریف فلپ کوہل شریبر کو قابو کرلیا۔تفصیلات کے مطابق جوکووک کیخلاف فیڈرر کی فتح کا اسکور6-3،3-6اور6-2 رہا، دبئی میں پانچ ٹائٹلز جیتنے والے سوئس ماسٹر چھٹی مرتبہ چیمپئن بننے سے ایک قدم کی دوری پر پہنچ گئے۔فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں ورلڈ نمبر6 ٹوماس بریڈیچ نے جرمن حریف فلپ کوہل شریبر کو 7-5 اور7-5 سے شکست دی، وہ مسلسل دوسرے برس دبئی اوپن ٹینس کے فائنل میں پہنچنے میں کامیاب رہے۔ دوسری جانب برازیل ویمنز کپ ٹینس ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنلزمیں سیکنڈ سیڈ گاربین مگروزا نے بیلاروس کی ایلیسون وان یوٹوانسک کو 6-2،6-7(1/7) اور6-3 سے ٹھکانے لگا دیا۔

تھرڈ سیڈ کارلا زاکا پولووا نے رومانیہ کی الیگزینڈرا ڈیلگیرو کے 6-3 اور5-2 کے اسکور پر ریٹائر ہونے پر اگلے مرحلے میں جگہ بنالی، اسپینش پلیئر کارلا سواریز کے مقابل آنے والی رومانیہ کی دوسری پلیئر مونیکا نیکولیسکو4-6 اور6-0 کے اسکور پر انجرڈ ہونے پر دستبردار ہوگئیں، قازقستان کی یاروسیلوا شیوڈووا نے رومانیہ کی الیگزینڈرا کیڈانٹو کو اسٹریٹ سیٹ میں 6-3 اور6-3 سے مات دے دی۔ساؤ پاؤلو میں جاری برازیل اوپن مینز سنگلز کے دوسرے راؤنڈ میں فورتھ سیڈ ارجنٹائن کے جوآن مناکو نے اسپینش حریف البرٹ راموس کو 7-6(7/4)،2-6 اور7-5 سے قابو کرلیا، تھرڈ سیڈ مارسیل گرینولرز کو سلواکین پلیئر مارٹن کلزین نے 6-4 اور6-3 سے مات دے دی۔
Load Next Story