بڑی پارٹیاں ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریں گی عمران خان

باریاں لینے والی جماعتوں نے ملک کو تقسیم کردیا ،سندھ میں زیادہ ظلم ہے،سربراہ تحریک انصاف

سکھر میں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں ۔ فوٹو : این این آئی

تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جس قوم کا لیڈر صحیح نہ ہو اس قوم کی حالت نہیں بدل سکتی، دونوں بڑی جماعتوں کے لیڈروں پر کرپشن کے کیسز ہیں۔


سکھر کے علاقے لب مہران میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ بڑی سیاسی جماعتیں ایک دوسرے کا احتساب نہیں کریںگے، نبی کریمﷺ دنیا کے سب سے بڑے لیڈر تھے، انھوں نے اپنی سیرت سے معاشرے کو بدل دیا، ہم مدینہ کی ریاست جیسا نظام ملک میں نافذ کرکے قوم کی تقدیر بدل دیںگے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ باریاں لینے والی جماعتوں نے ملک کو تقسیم کردیا ہے، سیاستدان ایماندار ہوتے تو بدامنی، مہنگائی، بیروزگاری ختم ہوچکی ہوتی، فرقہ واریت اور عصبیت ختم ہوجاتی، لوگوں کو تھانوں اور عدالتوں میں انصاف ملتا لیکن ایسا نہیں ہوسکا کیونکہ جو حالات خراب کرتے ہیں وہ انھیں درست نہیں کرسکتے۔ انھوں نے کہا کہ ایماندار سیاستدان کبھی اپنے بچوں اور رشتے داروں کو پارٹی کا چیئر پرسن یا اہم عہدے نہیں دیتا، لوگوں سے انصاف کرتا ہے اور میرٹ پر عمل کرتا ہے۔ جلسے سے مخدوم شاہ محمود قریشی، جاوید ہاشمی، جہانگیر ترین، سردار نادر اکمل لغاری، ایم پی اے سید حفیظ الدین، شیر زمان اور دیگر رہنمائوں نے بھی خطاب کیا۔
Load Next Story