شہر سے 112 ملزم گرفتار منشیات کی بھاری مقدار برآمد

چھاپوں میں 3 گینگ وار کارندے، 2 سیاسی جماعت کے کارکن گرفتار کرلیے گئے

بھاری تعداد میں اسلحہ برآمد ،گینگ کارندہ اکبر عرف سٹی زخمی حالت میں گرفتار۔ فوٹو: فائل

شہر کے مختلف علاقوں میں پولیس اور رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن اور چھاپہ مار کارروائیوں میں سیاسی جماعت کے کارکنان اور گینگ وار کے کارندوں سمیت 112 ملزمان کو گرفتار کر کے بھاری تعداد میں اسلحہ ، موٹر سائیکل ، کار ، گٹکے کے بورے ، شراب کی بوتلیں منشیات نقدی اور دیگر سامان برآمد کرلیا۔


تفصیلات کے مطابق بلوچ کالونی پولیس نے مبینہ بھتہ خور گل کشمیری کو گرفتار کر کے اسلحہ اور موبائل فون برآمد کرلیا، پولیس کے مطابق ملزم بھتہ خوری اور اقدام قتل کی وارداتوں میں پولیس کو مطلوب تھا، درخشاں پولیس نے ایس پی کلفٹن ندیم احمد کی سربراہی میں سی ویو کے قریب چھاپہ مار کر 3 ملزمان بلال ، اختر اور یعقوب کو گرفتار کر کے اسلحہ اور منشیات برآمد کرلی، پولیس کے مطابق ملزمان لوٹ مار کی درجنوں وارداتوں میں پولیس کو مطلوب ہے،سائٹ میں پولیس نے دہشت گردوں کی موجودگی کی اطلاع پر 200 اہلکاروں پر مشتمل بھاری نفری کے ہمراہ ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی میں 5 ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا گرفتار ملزمان میں گینگ وار کے 3 کارندے اور 2 منشیات فروش شامل ہیں، جیکسن پولیس نے کیماڑی کے قریب سے ایک منشیات فروش جاوید کو گرفتار کرکے بھاری مقدار میں چرس برآمد کرلی۔

دریں اثنا کراچی پولیس نے گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران87 چھاپہ مار کارروائیوں میں99ملزمان کو گرفتار کر کے25 پستول ، 7 دستی بم ، موٹر سائیکلیں،کار، نقدی، 300 بورے گٹکے ، شراب کی بوتلیں ، چرس ، ہیروئن اور دیگر قیمتی سامان برآمد کرلیا، رینجرز اور پولیس نے لیاری کے علاقے گلستان کالونی میں خفیہ اطلاع پر چھاپہ مار کر گینگ وار کے انتہائی مطلوب ملزم فیصل پٹھان کے ٹھکانے پر چھاپہ مارا ملزمان نے اندھا دھند فائرنگ کر دی جوابی کارروائی میں گینگ وار کارندہ اکبر عرف سٹی زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جس کی نشاندہی پر ٹرک میں چھپایا گیا بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا، پولیس اور رینجرز ذرائع واقعے سے لاعلمی ظاہر کررہے ہیں، دریں اثنا رینجرز نے خفیہ اطلاع پر کورنگی میں چھاپہ مار کارروائی کرتے ہوئے 2 افراد احسن اور شاہد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کرکے دونوں کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا ، رینجرز نے دعویٰ کیا ہے کہ حراست میں لیے جانے والوں کا تعلق ایک سیاسی جماعت سے ہے اور وہ ٹارگٹ کلنگ کی مبینہ وارداتوں میں ملوث ہیں۔
Load Next Story