ترک موبائل فون کمپنی کی تھری جی نیلامی میں دلچسپی

مواقع کاجائزہ لینے وفدجلد پاکستان آئے گا،کمپنی عہدیداروں اوروزیر مملکت آئی ٹی میں ملاقات

انوشہ رحمن نے کمپنی کوتھری‘فورجی نیلامی سے آگاہ،سرمایہ کاری پر تعاون کا یقین دلایا فوٹو: فائل

KARACHI:
ترک سیلولر موبائل فون کمپنی نے پاکستان میں ہونے والی تھری جی اسپیکٹرم کی نیلامی میں حصہ لینے کے لیے دلچسپی کا اظہار کرتے ہوئے جلد پاکستان آنے کا عندیہ دیا ہے۔


گزشتہ روز جاری اعلامیے کے مطابق وزیر مملکت انفارمیشن ٹیکنالوجی انوشہ رحمن کی سربراہی میں اعلی سطح کے وفدنے ترکی کی سیلولر موبائل فون کمپنی کے اعلی عہدیداران سے بارسلونا میں ورلڈ موبائل کانفرنس کے دوران ملاقات کی جس میں ترک کمپنی کے چیئرمین اہمت اکاکا، چیف ایگزیٹو آفیسر سوریاسیلیو اور بزنس چیف آفیسر ڈاکٹر طیفون کیٹل ٹیپ شامل تھے۔ وزیر مملکت آئی ٹی نے ترک کمپنی کو یقین دلایا کہ حکومت سرمایہ کاروں کوہر ممکن تعاون مہیا کرے گی۔ ٹیلی کام سیکٹر کے حوالے سے وزیرمملکت انوشہ رحمن نے واضح کیا کہ پاکستانی آبادی کے 98 فیصد افراد کو ابھی تھری جی، فور جی اورایل ٹی ای کے ذریعے براڈبینڈسے منسلک کرنا ہے جو اس بات کی طرف اشارہ ہے کہ آئی ٹی کمپنیوں کے لیے اس شعبے میں سرمایہ کاری یقینی طور پر سودمند ثابت ہوگی۔

ترک کمپنی کے چیئرمین نے پاکستان میں جدید ٹیکنالوجی کی فراہمی کیلیے حکومت پاکستان کے ویژن اور کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر ترک کمپنی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے پاکستانی وفد کو ترکی میںٹیلی کام کے شعبے میں ٹیلی کام انڈسٹری کی کارکردگی کے بارے میں بتایا اور ترکی میں رائج ای ہیلتھ اور ای ایجوکیشن سروسزکی تفصیلات سے آگاہ کیا۔ چیئرمین نے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع موجود ہیں، آئی ٹی مارکیٹ کا جائزہ لینے کے لیے کمپنی کاوفد جلد پاکستان کا دورہ کرے گا۔ وزیر مملکت نے انہیں حکومت پاکستان اور پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی کی طرف سے ٹیلی کام انڈسٹری میں ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا۔ پاکستانی وفد میںوفاقی سیکریٹری آئی ٹی، چیئرمین پی ٹی اے، ممبر ٹیلی کام اور فریکونسی ایلوکیشن بورڈ کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر شامل تھے۔
Load Next Story