آفریدی کی طوفانی اننگز بنگلہ دیشیوں کو سانپ سونگھ گیا

مشفیق الرحیم نے پاکستانی اسٹار کا کیچ ڈراپ کیا تو خواتین پھوٹ پھوٹ کر رودیں

مشفیق الرحیم نے پاکستانی اسٹار کا کیچ ڈراپ کیا تو خواتین پھوٹ پھوٹ کر رودیں۔ فوٹو: اے ایف پی

ایشیا کپ کے اہم ترین میچ میں شاہد آفریدی کی دھواں دار بیٹنگ پر میرپور اسٹیڈیم میں موجود شائقین کو سانپ سونگھ گیا، میزبان کپتان مشفیق الرحیم نے ان کا کیچ ڈراپ کیا تو خواتین پھوٹ پھوٹ کر رودیں، آخر میں فواد عالم چھکوں پر لوگ گھروں کو رخصت ہونے لگے۔


تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ ٹورنامنٹ میں دوسری بار پاکستان نے بنگال ٹائیگرز کے جبڑوں سے فتح چھینی، اس سے قبل2 برس پہلے اسی گرائونڈ پر فائنل میں جب گرین شرٹس نے دو رنز سے فتح پائی تھی تو بنگلہ دیشی کھلاڑی پھوٹ پھوٹ کر روئے تھے،اس بار پاکستانی بیٹسمینوں کی شاندار کارکردگی نے شائقین کے دلوں پر بجلیاں گرائیں۔

میزبان ٹیم نے جب 326 کا مجموعی اسکور بورڈ پر سجایا تو انھیں اپنی کامیابی یقینی دکھائی دے رہی تھی، جب اچھے آغاز کے بعد مصباح اور صہیب مقصود آئوٹ ہوئے تو کرائوڈ کی جان میں جان آئی، پھر آخر میں شاہد آفریدی نے جب اپنے لاٹھی چارج کا مظاہرہ کیا تو تماشائیوں کے چہروں پر ہوائیاں اڑنے لگیں، ہر ہاتھ دعا کیلیے بلند اور چہروں پر مایوسی صاف دیکھی جاسکتی تھی، ایسے میں جب مشفیق الرحیم نے شاہد آفریدی کا آسان کیچ ڈراپ کیا تو وہاں موجود خواتین پھوٹ کر رودیں، بعد میں وہ شکست پر اپنی ٹیم کو سپورٹ کرنے کے لیے بینر کے ساتھ نظر آئیں مگر آنکھوں میں موجود نمی کو نہیں چھپا پائیں۔ 48 ویں اوور میں جب فواد عالم نے عبدالرزاق کو 2 چھکے جڑے تو بعض لوگ اسٹیڈیم سے روانہ ہونا شروع ہوگئے۔ عمر اکمل کی وننگ بائونڈری پر بنگلہ دیشی کھلاڑی اور شائقین حسرت و یاس کی تصویر بنے ہوئے دکھائی دیے۔
Load Next Story