پہلا ویمنز ون ڈے بنگلہ دیش نے پاکستان کو 43 رنز سے مات دیدی

لو اسکورننگ میچ میں رومانہ احمد کے 44 رنز اور لتا مونڈل کی 4 وکٹیں میزبان اسکواڈ کیلیے کامیابی کی ضمانت بنیں۔

لو اسکورننگ میچ میں رومانہ احمد کے 44 رنز اور لتا مونڈل کی 4 وکٹیں میزبان اسکواڈ کیلیے کامیابی کی ضمانت بنیں،گرین شرٹس109پر ہمت ہارگئیں۔ فوٹو : اے ایف پی/فائل

پہلے ویمنز ون ڈے انٹرنیشنل میں بنگلہ دیش نے پاکستان کو43 رنز سے مات دے دی،لو اسکورننگ میچ میں رومانہ احمد کے 44 رنز اور لتا مونڈل کی 4 وکٹیں میزبان اسکواڈ کیلیے کامیابی کی ضمانت بنیں، 153 رنز کا پیچھا کرنے والی گرین شرٹس6 اوورز قبل 109 پر ہمت ہارگئیں، اسماویہ اقبال 40 رنز کے سواکوئی بھی بیٹسویمن قابل قدر کارکردگی کا مظاہرہ نہ کرسکی۔

تفصیلات کے مطابق پاک بنگلہ دیش ویمنز کرکٹ ٹیموں کے مابین2 ون ڈے میچز پر مشتمل سیریز کا پہلا مقابلہ گذشتہ روز شیخ کمال انٹرنیشنل اسٹیڈیم کوکس بازار میں ہوا، پاکستانی کپتان ثنا میر نے ٹاس جیت کر حریف سائیڈکو بیٹنگ کی دعوت دی، پیسرز نے اپنی قائد کے فیصلے کی لاج رکھتے ہوئے دونوں اوپنرز کو صرف 9 کے مجموعی اسکور پر میدان بدر کردیا، عائشہ رحمان 4 رنز بنانے کے بعد اسماویہ اقبال کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوئیں، شرمین اختر (1) کو کانتا جلیل نے وکٹ کیپر بتول فاطمہ کی مدد سے پویلین بھیجا، میزبان ٹیم کو تیسرا نقصان 24 کے اسکور پر کپتان سلمیٰ خاتون (6) کی صورت میں برداشت کرنا پڑا، انھیں کانتا جلیل نے اپنا دوسرا شکار بنایا، 33 کے مجموعی اسکور پر فرغانہ حق (10) رن آئوٹ ہو گئیں، اس وقت میچ پاکستانی ٹیم کی مکمل گرفت میں آگیا تھا، 64 کے مجموعی اسکور پر میزبان سائیڈ کی آدھی ٹیم پویلین لوٹ چکی تھی، بعدازاں رومانہ احمد نے شہلا شرمین کے ہمراہ چھٹی وکٹ کیلیے 36 رنز جوڑ کر ٹیم کا اسکور 100 تک پہنچا دیا، رمانہ 44 رنز کی شاندار اننگز کھیلنے کے بعد کانتا جلیل کا تیسرا شکار بنیں۔


ساتویں وکٹ کیلیے شہلا (22) اوروکٹ کیپر نزہت(26) نے 33 رنز جوڑتے ہوئے مجموعے کو133 پر پہنچایا، دونوں یکے بعد دیگرے ندا ڈار اور ثنامیر کے ہاتھوں وکٹیں گنوا بیٹھیں۔ بنگلہ دیش کی آخری 2 پلیئرز اسکور میں مزید 13 رنز کا اضافہ کرتے ہوئے 152پر پویلین لوٹ گئیں، کانتا جلیل نے عمدہ بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 26 رنز کے عوض 3وکٹیں لیں، ندا ڈار 19 رنز کے عوض2 پلیئرز کو آئوٹ کیا، اسماویہ اقبال، ثنا میر اورسعدیہ یوسف کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔ آسان ہدف کے تعاقب میں مہمان سائیڈ کو پہلا نقصان صرف 3 رنز پر اٹھانا پڑا جب ناہید خان 2 رنز پر آئوٹ ہوگئیں، ون ڈائون پوزیشن سنبھالنے والی نین عابدی (2) 8کے مجموعی اسکور پر میدان بدر ہو کر ٹیم کو مشکلات سے دوچار کرگئیں۔

27 پر بسمہٰ معروف 15 رنز بنانے کے بعد غیرذمہ دارانہ شاٹ کھیلتے ہوئے وکٹ گنوا بیٹھیں، صرف 5 رنز کے اضافے سے کپتان ثنا میر(2) نے بھی ہتھیار ڈال دیے،اسی اسکور پر پاکستان کی پانچویں وکٹ کانتا جلیل کی صورت میں گر گئی، وہ صفر کی خفت سے دوچار ہوئیں،اوپنر جویریہ خان( 12) نے مسلسل وکٹیں گرتی دیکھیں تو وہ بھی 50 کے مجموعی اسکور پر چلتی بنیں، صرف ایک رن بعد ندا ڈار بھی آئوٹ ہو گئیں،51 پر 7 وکٹیں گرنے کے بعد اسماویہ اقبال نے ٹیل اینڈرز کے ساتھ مل کر شکست کا مارجن کم کرنے کی کوشش کی ، دیگر 2 پلیئرز کے آئوٹ ہونے کے بعد 109 رنز پر وہ بھی آئوٹ ہوگئیں، اسماویہ 40 رنز بنانے کے بعد رخصت ہوئیں،اس طرح پاکستانی ٹیم43 رنز سے ناکام رہی،لتامونڈل نے متاثر کن بولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 بیٹسویمنز کو آئوٹ کیا، جہاں آراء عالم نے 3 اور سلمیٰ خاتون نے 2 وکٹیں لے کر ان کا بھرپور ساتھ دیا ۔ دوسرا اور آخری ون ڈے جمعرات کو اسی گرائونڈ پر کھیلا جائیگا۔
Load Next Story