لیاری اور کورنگی میں مقابلے گینگ وار اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث 2 ملزم ہلاک

کلاکوٹ آٹھ چوک کے قریب رینجرز اہلکاروں کے روکنے پر موٹر سائیکل پر سوار 2ملزمان نے فائرنگ کی

کورنگی اﷲ والا ٹاؤن میں مقابلے میں ہلاک پارا چنار کا رہائشی ملزم بینک ڈکیتیوں میں ملوث نکلا، ناظم آباد الیکٹرانک سینٹرمیں لوٹ مار کرنے والے 2 ملزم گرفتار۔ فوٹو: فائل

پولیس اور رینجرز نے لیاری ،کورنگی اور ناظم آباد میں 3 مقابلوں میں لیاری گینگ وار کے کارندے اور بینک ڈکیتیوں میں ملوث 2 ملزمان کو ہلاک اور2 کو گرفتار کرلیا ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر بھی زخمی ہوگیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز لیاری کے علاقے کلاکوٹ آٹھ چوک کے قریب موٹر سائیکل گشت پر مامور رینجرز اہلکاروں نے موٹر سائیکل پر سوارگینگ وار کے 2 کارندوں کو رکنے کا اشارہ کیا،گینگ وار کے کارندوں نے رینجرز اہلکاروں پر فائرنگ کردی، رینجرز اہلکاروں کی جانب سے بھی جوابی فائرنگ کی گئی جس میں گینگ وار کا کارندہ ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی فرارہوگیا، مقابلے میں ہلاک ہونے والے گینگ وار کے کارندے کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے سول اسپتال لائی گئی،کلاکوٹ پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے کارندے کے پاس سے کوئی ایسی چیز برآمد نہیں ہوئی جس کی مدد سے اس کی شناخت ممکن ہو سکے انھوں نے بتایا ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ایک پستول برآمد ہوئی ہے، اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ پولیس خفیہ اطلاع پر کورنگی اﷲ والا ٹائون میں ناکہ لگا کر کھڑی تھی کہ پولیس نے موٹر سائیکل پر سوار 2 ملزمان کو روکنے کی کوشش کی،ملزمان نے پولیس پر فائرنگ کردی۔


پولیس نے بھی جوابی فائرنگ کی جس کے نتیجے میں ایک ملزم ہلاک اور دوسرا زخمی حالت میں فرار ہوگیا،پولیس نے ہلاک ہونے والے ملزم کے قبضے سے ٹی ٹی پستول اور موٹر سائیکل برآمدکر لی جبکہ ہلاک ہونے والے ملزم کی لاش کو ضابطے کی کارروائی کے جناح اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ہلاک ملزم کی شناخت انتظارحسین کے نام سے کر لی گئی، ایس ایس پی فاروق اعوان نے ایکسپریس کو بتایا کہ ہلاک ہو نے والا ملزم پارا چنار کا رہائشی ہے اور ملزم گزشتہ دنوں میں اورنگی ٹائون میں واقع اسلاملک بینک میں ہونے والے45 لاکھ روپے کی بینک ڈکیتی میں ملوث تھا،ہلاک ہونے والا ملزم سال 2012 اور 2013 کی جانیوالی 4 بینک ڈکیتیوں میں بھی ملوث تھا ،زخمی حالت میں فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے چھاپے مارے جا رہے ہیں امید ہے زخمی ملزم کو بھی جلد گرفتار کر لیا جائے گا۔

ناظم آباد تھانے کی حدود انڈر پاس کے قریب2 ملزمان ناظم آباد الیکٹرانک سینٹر میں داخل ہوئے اوردکان میں موجود گاہکوں اور دکان کے عملے سے لوٹ مار کررہے تھے کہ شہریوں نے شور مچا دیا جس پر قریب قائم چیک پوسٹ پر موجود رینجرز اہلکار اور ناظم آباد تھانے سے پولیس موقع پر پہنچی تو ملزمان نے رینجرز اور پولیس پر فائرنگ کردی، رینجرز اور پولیس کی جانب سے جوابی فائرنگ کے نتیجے میں زخمی ڈاکو سمیت 2ملزمان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے 2ٹی ٹی پستول ، لوٹی ہوئی رقم اورموٹر سائیکل برآمد کر لی گئی ، فائرنگ کے تبادلے میں ایک راہ گیر 16سالہ دانش ولد ارشد زخمی ہوگیا جسے فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کردیا گیا ، ایس ایچ او ناظم آباد اعجاز لودھی نے ایکسپریس کو بتایا کہ گرفتار ملزمان کی شناخت 32سالہ آصف خان ولد مجید اﷲ اور 25سالہ نثا اﷲ ولد محمد انور کے نام سے ہوئی ہے دونوں ڈاکو قصبہ کالونی اورنگی ٹائون کے رہائشی ہیں، زخمی حالت میں گرفتار کیے جانے والا ڈاکو آصف خان اس سے قبل بھی پیر آباد پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہو چکا ہے انھوں نے بتایا کہ پولیس گرفتار ملزمان کے جرائم کاریکارڈ چیک کر رہی ہے جس کے بعد ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا جائے گا ۔
Load Next Story