فائنل سے قبل پاکستانی ٹیم فٹنس مسائل میں الجھنے لگی

آفریدی، احمد شہزاد اور عمر گل نے ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا، آج شرکت کا فیصلہ ہوگا

آفریدی، احمد شہزاد اور عمر گل نے ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا، آج شرکت کا فیصلہ ہوگا۔ فوٹو: فائل

ایشیا کپ فائنل سے قبل پاکستانی ٹیم فٹنس مسائل میں الجھتی نظر آ رہی ہے،شاہد آفریدی کے ساتھ احمد شہزاد اور عمر گل بھی انجریز کا شکار ہیں، تینوں پلیئرز نے گذشتہ روز ٹریننگ میں حصہ نہیں لیا، البتہ ٹیم مینجمنٹ کو یقین ہے کہ تینوں ہفتے کومیچ سے پہلے مکمل فٹ ہو جائینگے۔


دوسری جانب بنگلہ دیش میں ٹیم کو سخت ترین سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پلیئرز جہاں جائیں اہلکار سائے کی طرح ساتھ موجود رہتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ایشیا کپ کے فیصلہ کن معرکے میں ہفتے کو پاکستان کا مقابلہ سری لنکا سے ہونا ہے، بنگلہ دیش کے خلاف میچ کے ہیرو شاہد آفریدی دوران بیٹنگ گروئن انجری کا شکار ہو گئے تھے، اسی میچ میں فیلڈنگ کرتے ہوئے احمد شہزاد کا ہاتھ زخمی ہوا جبکہ عمر گل کی تھائی میں تکلیف ہے۔

گزشتہ روز ٹیم کا ٹریننگ سیشن ہوا تو یہ تینوں اس میں شریک نہ ہوئے، یاد رہے کہ میزبان سے میچ میں ان فٹ ہونے کے سبب شرجیل خان حصہ نہ سکے، اس کی جگہ محمد حفیظ نے اننگز کا آغاز کیا اور فواد عالم ٹیم میں واپس آئے تھے۔اس حوالے سے ٹیم مینجمنٹ کا موقف ہے کہ آفریدی، احمد اور عمر گل کے فٹنس مسائل زیادہ خطرناک نہیں، تینوں میچ میںحصہ لیں گے۔ نمائندہ ''ایکسپریس'' کے استفسار پر شاہد آفریدی نے کہا کہ فائنل میں شرکت کا حتمی فیصلہ جمعے کو کیا جائیگا۔دوسری جانب بنگلہ دیش میں پاکستانی ٹیم کو سخت ترین سیکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے، پلیئرز جہاں جائیں اہلکار سائے کی طرح ساتھ موجود رہتے ہیں،اسی وجہ سے اب تک کوئی ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا ہے۔
Load Next Story