پی پی رہنما معافی مانگ کر ملک سے فرار نہیں ہوتے

یہ ملک ہمارا ہے، اسی میں رہ کر سیاست کریں گے،نثار احمد کھوڑو،عبدالقادر پٹیل

پیپلز پارٹی کے رہنما عبداللہ مراد کی برسی کے موقع پر ملیر میں جلسے سے نثار کھوڑو، سلمان مراد خطاب کر رہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

KARACHI:
پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور سینئر صوبائی وزیر نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی کے رہنما معافی مانگ کر کبھی ملک سے نہیں بھاگے۔


یہ ملک ہمارا ہے اور اسی ملک میں رہ کر سیاست کررہے ہیں اور آئندہ بھی کرتے رہیں گے، بھٹو خاندان ہمارا اثاثہ ہے، شہید ذوالفقار علی بھٹو اور شہید بی بی کا مشن جاری رکھیں گے، ان خیالات کا اظہار انھوں نے جمعرات کو پیپلز پارٹی کے سابق رکن سندھ اسمبلی عبداللہ مراد کی چھٹی برسی کے موقع پر منعقدہ اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا،انھوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی عوام کی جماعت اور وفاق کی کڑی ہے، پہلے بھی عوام کے مسائل حل کیے ہیں اور آئندہ بھی عوام کے مسائل حل کریں گے، انھوں نے شہید عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ جمہوریت کے لیے پیپلز پارٹی کی لیڈر شپ اور ہزاروں کارکنان نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے، آج بھی ہم اس اجتماع میں عہد کرتے ہیں کہ شہدا کے مشن کو جاری رکھتے ہوئے ملک میں جمہوریت کی مضبوطی کے لیے کردار ادا کرتے رہیں گے۔

پیپلز پارٹی کراچی کے صدر قادر پٹیل نے کہا کہ وزیراعظم نواز شریف کے پاس فیصلہ کرنے کی طاقت نہیں،انھوں نے کہا کہ وفاداری، بہادری ، طاقت اور فیصلہ کرنے کی قوت بلاول بھٹو زرداری کے پاس ہے، بلاول بھٹو زرداری ملک کے اصل لیڈر ہیں، باقی جماعتوں کے لیڈرز ان کے فالو ہیں،انھوں نے کہا کہ نواز شریف اگر بلاول بھٹو سے5 فیصد بھی سیکھ لیں تو وہ لیڈر بن جائیں گے،انھوں نے کہا کہ جب لیاقت آباد، ناظم آباد اور گارڈن میں کم آبادی پر مشتمل یونین کونسلیں بن سکتی ہیں تو ملیر میں کم آبادی پر یونین کونسلوں پر اعتراض کیوں کیا جاتا ہے،جلسے سے راشد ربانی، سلمان عبداللہ مراد، نعمان عبداللہ مراد، عبدالرزاق راجہ، راشد ربانی، جاوید ناگوری اور دیگر نے بھی خطاب کیا اور پیپلز پارٹی کے رہنما شہید عبداللہ مراد کو خراج عقیدت پیش کیا۔
Load Next Story