گنڈاسہ اسٹائل فارمولا فلموں میں کام نہیں کروں گی عمائمہ ملک

کامیابی صرف ان ہی لوگوں کو ملتی ہے جو اس کو پانے کے لیے شب وروز محنت کرتے ہیں، بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ

بالی ووڈ میں سنجے دت اور عمران ہاشمی کے ساتھ اداکاری کا تجربہ اچھا رہا، عمائمہ ملک۔ فوٹو: فائل

پاکستان کی بین الاقوامی شہرت یافتہ اداکارہ و ماڈل عمائمہ ملک نے کہا ہے کہ کامیابی صرف ان ہی لوگوں کو ملتی ہے جو اس کو پانے کے لیے شب وروز محنت کرتے ہیں۔

دوسروں پر تنقید کرنے والے اگر اپنے کام پر توجہ دیں تو وہ بھی ایک دن کامیاب ہو سکتے ہیں، ایسے لوگوں کو میرا مشورہ ہے کہ وہ لوگوں پر تنقید کرنے کی بجائے اپنے کام کو محنت، لگن سے کریں تاکہ ان کی بھی اپنی منفرد پہچان بن سکے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے ''نمائندہ ایکسپریس'' سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ عمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ جب بھی کسی فنکار کو کوئی اعزاز یا ایوارڈ بین الاقوامی سطح پر دیا جاتا ہے تو اس سے ملک اور پوری قوم کی عزت میں اضافہ ہوتا ہے، اس حوالے سے خود کو بہت خوش قسمت سمجھتی ہوں کہ اپنے کیرئیر کی پہلی فلم سے کامیابیوں کا جو سلسلہ شروع ہوا وہ تاحال جاری ہے۔ میری شہرت اور میرے امیج کو مدنظر رکھتے ہوئے مجھے 'یو این او' کی طرف سے پاکستان میں '' ورلڈ وائلڈ فیڈریشن '' کا سفیر مقرر کر دیا گیا ہے، یہ بھاری ذمے داری میرے کاندھوں پر آن پڑی ہے تاہم میں نے اس کو بھرپور انداز سے پورا کرنے کے لیے ابھی سے تیاری شروع کر دی ہے، میں ورلڈ وائلڈ فیڈریشن کی سفیر کی حیثیت سے جانوروں کی حفاظت اور ماحولیات کے حوالے سے چلائی جانیوالی مہم میں حصہ لونگی۔


انھوں نے کہا کہ ہمارے ہاں بجلی کی لوڈ شیڈنگ ہے لیکن اس کے باوجود اکثر گھروں میں ضرورت سے زائد لائٹس جلتی رہتی ہیں، جس کی وجہ سے ایک طرف تو ہمارا بجلی کا بل زیادہ آتاہے اور دوسری جانب لوڈ شیڈنگ میں کمی کرنے میں بھی ہم حکومت کی کوئی مدد نہیں کر پاتے۔ اس حوالے سے بھی ایک اہم مہم جلد چلائی جائے گی ۔ اس کے علاوہ 29مارچ کو ہم کچھ دیر کی خاموشی قائم کرنے کے ساتھ اپنے گھروں کی بتیاں بھی بجھائیں گے، اس کا مقصد لوگوں میں بجلی کی اہمیت اور اس کے ضیاع کو اجاگر کرنا ہو گا۔ انھوں نے کہا کہ ایک فنکار کو پسند کرنے والے اس کو دیکھ کر جہاں مختلف انداز کے ملبوسات اور ہیئراسٹائل اپناتے ہیں اسی طرح ایک فنکار پر یہ بھاری ذمے داری ہوتی ہے کہ وہ اپنے رہن سہن اور معاشرے میں سدھار کے حوالے سے لوگوں تک ہمیشہ مثبت پیغام پہنچانے کا سلسلہ بھی جاری رکھے۔ بطور سفیر ورلڈ وائلڈ فیڈریشن میں پاکستان ہی نہیں بلکہ اس نیک مقصدکے لیے دنیا کے بیشترممالک میں بھی جاؤنگی۔ فنی مصروفیات کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں عمائمہ ملک کا کہنا تھا کہ بالی ووڈ میں ''شیر'' کے بعد ''شاطر'' کا بھی کام تقریباً مکمل ہو چکا ہے۔

ایک طرف تو سنجے دت جیسے مقبول فنکار کے ساتھ اداکاری کی تو دوسری جانب عمران ہاشمی کے ساتھ کام کرنے کا تجربہ بھی بہت اچھا جا رہا ہے لیکن ان دونوں ہیروز کے علاوہ پاریش راول جیسے وراسٹائل فنکار کے ساتھ دونوں فلموں میںکام کرنے کے دوران بہت کچھ سیکھنے کو بھی ملا، وہ کمال کے فنکار ہیں، وہ میری دونوں فلموں میں ولن کا کردار ادا کر رہے ہیں۔ انھوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں بھی اداکار شان کے ساتھ ایک فلم کر رہی ہوں جس کی شوٹنگ کا اسپیل عکسبند کیا جا چکا ہے جب کہ دوسرے اسپیل کا جب آغاز ہو گا تو پھر اس میں حصہ لونگی۔ انھوں نے مزید کہا کہ بالی ووڈ میں اچھی آفرز ہو رہی ہیں تاہم مجھے جب بھی پاکستان میں کوئی اچھی فلم آفر کی جائے گی تو میں اس میں ضرور کام کرونگی لیکن گنڈاسہ، مارکٹائی اور اس طرح کی فارمولا فلموں میں کبھی کام نہیں کرونگی۔
Load Next Story