آسٹریلیا ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کو تیار

کینگروز طویل دورانیے کی کرکٹ میں پاور ہاؤس بننے کے قریب پہنچ گئے، چیپل

کینگروز طویل دورانیے کی کرکٹ میں پاور ہاؤس بننے کے قریب پہنچ گئے، چیپل۔ فوٹو: فائل

آسٹریلیا نے ایک بار پھر ٹیسٹ کرکٹ پر حکمرانی کے خواب بن لیے، سابق کپتان ای ین چیپل کا کہنا ہے کہ کینگروز پاورہائوس بننے کے قریب پہنچ چکے ہیں، انھوں نے نمبر 3 پوزیشن کو بیٹنگ لائن میں کمزور کڑی قرار دیا۔


تفصیلات کے مطابق آسٹریلیا نے ہوم گرائونڈز پر ایشز سیریز میں کلین سوئپ کے بعد جنوبی افریقہ کے خلاف تین میچزکی سیریز میں 2-1 سے فتح پائی جس سے وہ ٹیسٹ رینکنگ میں دوسرے نمبر پر پہنچ گیا اگرچہ پروٹیز ٹاپ پر موجود ہیں مگر کینگروز چند مزید فتوحات سے اپنا کھویا ہوا مقام حاصل کرسکتے ہیں، سابق کپتان ای ین چیپل بھی ٹیم میں آنے والی بہتری پر خوش مگر چند وسوسوں کا بھی شکار ہیں، اپنے ایک کالم میں انھوں نے لکھا کہ مائیکل کلارک نے جنوبی افریقہ روانگی سے قبل کہا تھا کہ ان کا بولنگ اٹیک جنوبی افریقی لائن اپ کو تباہ کرنے کیلیے کافی ہے اور اب وہ یہ بات ثابت بھی کرچکے ہیں، کینگروز کی فتح میں کلیدی کردار اس کے بولنگ اٹیک کا ہے جس کی قیادت مچل جونسن کے ہاتھوں میں ہے، اس کے ساتھ خود کپتان کلارک بھی ٹیم کے لیے ایک بڑا پلس پوائنٹ ہیں، وہ اس وقت دنیا بھر کے ٹیسٹ کپتانوں میں سب سے زیادہ بہتر ہیں۔

اگرچہ نیوزی لینڈ کے برینڈن میک کولم ان کا مقابلہ کرسکتے ہیں مگر ان کے پاس وہ ٹیلنٹ نہیں ہے جوکہ آسٹریلیا کے پاس موجود ہے، اس وقت آسٹریلوی ٹاپ آرڈر میں جارح مزاج بیٹسمین ڈیوڈ وارنر موجود ہیں لیکن میرے لیے سب سے بڑی تشویش کی باعث نمبر تین پوزیشن ہے جوکہ بیٹنگ لائن میں ایک کمزور کڑی ہے اگر آسٹریلیا کو ایک بار پھر سے ٹیسٹ کرکٹ کی سپرپاور بننا ہے تو پھر اپنی اس کمزوری پر قابو پانا ہوگا کیونکہ ٹاپ پر ڈیوڈ وارنر کی ناکامی کی صورت میں نمبر پوزیشن سے ٹیم کو زیادہ مدد نہیں ملتی، آسٹریلیا کو جلد سے جلد اس خلا کو پر کرنا ہوگا۔
Load Next Story