32 ارب ڈالر کا سرمایہ کاری پیکیج چین کا پاکستان کیلیے تحفہ ہے شہباز شریف

عوام سے اندھیرے جلد دورکرنے کا وعدہ کیا ہے، کوئلے سے بجلی کا بڑا منصوبہ تیار کیا ہے

چین کے شین ڈونگ رویائی گروپ کے چیئرمین یا فوچی یواور معروف صنعتکار حسین داؤد سے گفتگو. فوٹو: فائل

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہاہے کہ حکومت توانائی بحران کے خاتمے کیلیے کوشاں ہے۔ پنجاب میں کوئلے سے بجلی پیدا کرنے کا بڑا منصوبہ تیار کیا گیا ہے۔


32ارب ڈالرکا سرمایہ کاری پیکیج چینی قیادت کا پاکستان کیلیے بہت بڑا تحفہ ہے۔ اس سے استفادہ کرتے ہوئے ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ معروف صنعتی گروپ کے سربراہ حسین داؤد سے ملاقات میں بات چیت کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اقتصادی راہداری کے منصوبے پر عملدرآمد سے پاکستان میں معاشی ترقی کا ایک نیا دورشروع ہو گا۔ اقتصادی راہداری کے تحت توانائی، انفرااسٹرکچر، ٹرانسپورٹ اوردیگر شعبوں کے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔ پنجاب میں بھی کوئلے کے وسیع ذخائرموجود ہیں۔ حکومت کوئلے کے ان ذخائر سے استفادہ کرنے کے لیے کام کررہی ہے۔ انھوںنے کہا کہ تمام ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کو مقدم رکھا جارہا ہے۔ نیک نیتی اور اخلاص سے کی جانے والی کوششیں ضرور رنگ لائیں گی اور ملک سے اندھیروں کا خاتمہ کیا جائے گا۔ چین کے صنعتی گروپ شین ڈونگ رویائی کے چیئرمین یافوچی یوکی سربراہی میں وفد سے ملاقات کے دوران شہبازشریف نے کہاکہ چین کی جانب سے پاکستان کے لیے 32ارب ڈالر کے سرمایہ کاری پیکیج پر بھرپور طریقے سے محنتی کے ساتھ عملدرآمد کیا جائے گا۔

ٹیکسٹائل سیکٹر کے فروغ کے حوالے سے پنجاب ایپرل پارک پردن رات کام کرکے اسے جلدمکمل کیا جائے گا۔ اس ایپرل پارک کے قیام میںشین ڈونگ رویائی تکنیکی معاونت فراہم کرسکتا ہے۔ اس موقع پر شین ڈونگ رویائی گروپ نے ٹیکسٹائل کے علاوہ توانائی کے شعبے میں بھی سرمایہ کاری میں دلچسپی کا اظہارکیا۔ وزیراعلیٰ نے اس کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کرنے والے ملکی اور غیرملکی اداروں کو ہر ممکن سہولیات مہیا کی جارہی ہیں۔ شین ڈونگ رویائی گروپ نے کہاکہ ایپرل پارک کے قیام میں ٹیکنیکل تعاون کی فراہمی کے ساتھ یہاں119ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کریںگے۔ چینی گروپ مسعود ٹیکسٹائل سے مل کر پنجاب میں 2ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔ دریںاثنا شہبازشریف نے صدارتی ایوارڈ یافتہ قاری غلام رسول کے انتقال پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے دعائے مغفرت کی ہے۔
Load Next Story