فیس بُک نے اپنی ای میل سروس بند کردی

صارفین اس سروس کو استعمال ہی نہیں کرتے تھے، ترجمان ایف بی

سروس کا مقصد تھا کہ صارفین کی ای میلز، ایس ایم ایس اور فیس بک میسیجز ایک ہی ان باکس میں آئیں۔

سماجی رابطے کی مقبول ترین ویب سائٹ فیس بک نے اپنی ای میل سروس خاموشی سے بند کردی ہے۔ ایف بی کی اس سروس کے ذریعے اس سوشل ویب سائٹ کے صارفین کو '' @ فیس بک ڈاٹ کام'' کا ای میل ایڈریس ملتا تھا۔

اس سروس کا آغاز فیس بک نے تین سال قبل کیا تھا۔ اس سروس کے بند ہونے کے بعد صارف کو جو ای میل وہ اس کے اس اکاؤنٹ پر فارورڈ ہوجائیں گی جو صارف نے فیس بک کا اکاؤنٹ بناتے وقت اس سوشل نیٹ ورکنگ سائٹ کو دیا تھا۔


اس ضمن میں فیس بک کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم نے اپنی ویب سائٹ کی ای میل کی سروس اس لیے بند کی ہے کیوں کہ صارفین اس ای میل سروس کو استعمال نہیں کرتے تھے۔

فیس بک نے اپنی ای میل سروس نومبر 2010 میں شروع کی تھی۔ اس سروس کو شروع کرنے کا مقصد یہ تھا کہ فیس بک پر اکاؤنٹ بنانے والے صارف کی ای میلز، ایس ایم ایس اور فیس بک میسیجز ایک ہی ان باکس میں آئیں۔

فیس بک کی اس ای میل سروس کو 2012 میں شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، جس کی وجہ یہ تھی کہ فیس بک نے صارفین کے پروفائل پر ان کی طرف سے دیے گئے ای میل ایڈریس کو ایف بی کی انتظامیہ کی جانب سے خود ہی تبدیل کرکے اس کی جگہ فیس بک کا ای میل ایڈریس دے دیا گیا تھا۔ تاہم اس تنقید کے بعد فیس بک نے اپنا اقدام واپس لے لیا تھا۔
Load Next Story