پوسٹ مارٹم کی تفصیلات سن کر پسٹوریس بے حال

عدالت میں الٹیاں کردیں،ریواکوسر،کہنی،ہپ اورہاتھ پر4گولیاں لگیں، پیتھالوجسٹ

عدالت میں الٹیاں کردیں،ریواکوسر،کہنی،ہپ اورہاتھ پر4گولیاں لگیں، پیتھالوجسٹ. فوٹو رائٹرز

گرل فرینڈ کے پوسٹ مارٹم کی تفصیلات سن کر پسٹوریس بے حال ہو گئے اور بھری عدالت میں الٹیاں کردیں ، پریٹوریا یونیورسٹی کے پیتھالوجسٹ کے مطابق ریوااسٹین کیمپ کو سر، کہنی ، ہپ اور ہاتھ پر4 گولیاں لگی تھیں ۔


انھیں گولیوں ، دروازے اور اپنی ہڈیوں کے ٹکڑوں سے بھی زخم آئے تھے۔ تفصیلات کے مطابق گرل فرینڈ ریوا اسٹین کیمپ کو قتل کرنے کے الزام کا سامنا کرنے والے پیرالمپیئن آسکر پسٹوریس نے پوسٹ مارٹم رپورٹ کی تفصیلات سنتے ہوئے بھری عدالت میں الٹیاں کردیں،کمرۂ عدالت میں موجود 'بلیڈ رنر' یونیورسٹی آف پریٹوریا کے پیتھالوجسٹ گرٹ سائیمن کی جانب سے بیان کی گئی تفصیلات پر بے حال ہو گئے۔ پسٹوریس کا کہنا ہے کہ انھوں نے بند غسل خانے کے دروازے سے چور کے شبہ میں اسٹین کیمپ پر 14 فروری2013 کو 4 گولیاں چلائی تھیں، انھوں نے قتل کے الزام کی تردید کی ہے۔ سائیمن کے ثبوت کو براہ راست نشر یا دکھانے پر پابندی تھی۔

انھوں نے عدالت کو بتایا کہ اسٹین کیمپ کو پسٹوریس کے 9 ملی میٹر پستول کی 4 گولیاں سر کے داہنی جانب، دائیں کلائی ، دائیں ہپ اور بائیں ہاتھ پر لگی تھیں۔ ماڈل اور لا گریجویٹ کو گولیوں، دروازے اور اپنی ہی ہڈیوں کے ٹکڑوں سے بھی زخم آئے تھے۔ تفصیلات پڑھے جانے کے دوران پسٹوریس کے جذبات سے بے قابو ہونے پر عدالت کو سماعت روکنے کے لیے کہا گیا۔ اس دوران جج تھوکوزیلے ماسیپا نے پسٹوریس کے وکیل کو مخاطب کرتے ہوئے انھیں ملزم پر توجہ دینے کیلیے کہا۔ ماسیپا نے اس سے قبل گمبھیر صورتحال کی وجہ سے استغاثہ، دفاع اور گواہ کی جانب سے لائیو آڈیو براڈکاسٹ کی اجازت نہ دینے کو منظور کرلیا تھا، انھوں نے کہا تھا کہ پروفیسر سائیمن کی گواہی کو براہ راست نشر نہیں کیا جائیگا ، ٹوئٹر پر بھی اس کا اطلاق اور بلاگ پوسٹس پر بھی پابندی تھی۔
Load Next Story