ہاکی ٹورنامنٹ میں پی آئی اے نے آرمی کو زیر کرلیا

واپڈا اے نے پولیس کو7-0 سے آؤٹ کلاس کیا،این بی پی نے نیوی کو شکست دی،عدنان اور توثیق ارشد کی ہیٹ ٹرکس

واپڈا اے نے پولیس کو7-0 سے آؤٹ کلاس کیا،این بی پی نے نیوی کو شکست دی،عدنان اور توثیق ارشد کی ہیٹ ٹرکس۔ فوٹو: فائل

بریگیڈیئر منظور حسین عاطف میموریل ہاکی ٹورنامنٹ میں پی آئی اے نے سخت مقابلے کے بعد آرمی کو4-3 سے زیر کر لیا، واپڈا اے نے پولیس کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 7-0 سے فتح حاصل کی۔


این بی پی نے نیوی کو2 کے مقابلے میں 6گول سے شکست دی۔ ان میچز کے دوران محمد عدنان اور توثیق ارشد ہیٹ ٹرک میں کامیاب رہے۔ موصولہ اطلاعات کے مطابق سرگودھا ہاکی اسٹیڈیم میں گذشتہ روز3 میچزکا فیصلہ ہوا، پی آئی اے نے سخت مقابلے کے بعد آرمی کو 4-3 سے زیر کیا،دونوں ٹیموں نے کھیل کے آغاز سے ہی جارحانہ انداز اپنایا اور ایک دوسرے پر تابڑ توڑ حملوں کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رکھا، ایئرلائنزکی ٹیم اس وقت پہلا گول کرنے میں کامیاب ہو گئی جب شفقت رسول نے11ویں منٹ میں گیند کو جال کا راستہ دکھا دیا،آرمی کے محمد کاشف نے کچھ دیر بعدگیند کو جال میں پھینک کر مقابلہ-1 1 سے برابر کر دیا۔ وقفے کے بعد پی آئی اے کے محمد زبیر نے ایک بار پھر اپنی ٹیم کو برتری دلا دی،55 ویں منٹ میں احسان اللہ نے شاندار گول کے ذریعے اسکور 4-1 کر دیا۔ کھیل کے آخری دس منٹ میں آرمی نے شاندار کھیل پیش کیااور حریف سائیڈ کی ایک نہ چلنے دی۔

کپتان محمد عمران نے61ویں منٹ میں گول کر کے اسکور4-2 کر دیا۔ کھیل ختم ہونے سے صرف2منٹ قبل محمد کاشف نے گیند جال میں پہنچا دی لیکن وہ اپنی ٹیم کو شکست سے نہ بچا سکے۔دوسرے میچ میں واپڈا اے نے پولیس کو یکطرفہ مقابلے میں 7-0 سے زیر کیا، فارورڈ محمد عدنان نے ہیٹ ٹرک سے ٹیم کی فتح کو یقینی بنایا، انہوں نے یہ گول کھیل کے آٹھویںِ، 45ویں اور 65ویں منٹ میں کیے، اسد بشیر نے 2گول پانچوں اور 42ویں منٹ میں کیے، تصور عباس اور محمد عمران ایک ایک گول کرنے میں کامیاب رہے، انھوں نے یہ گول بالترتیب 14ویں اور 38ویں منٹ میں کیے۔ نیشنل بینک اور نیوی کا میچ بھی یکطرفہ ثابت ہوا جس میں این بی پی نے حریف سائیڈ کو 2 کے مقابلے میں 6 گول سے شکست دی، پہلے مقابلے کی طرح اس میچ میں بھی فاتح ٹیم کی طرف سے ہیٹ ٹرک کی، یہ کارنامہ نیشنل بینک کے توثیق ارشد نے انجام دیا، 2 گول انھوں نے پنالٹی کارنر جبکہ تیسرا گول پنالٹی اسٹروک پرکیا، انھوں نے یہ گول کھیل کے29ویں، 35ویں اور 61ویں منٹ میں کیے،ارسلان قادر، علی شاہ اور طارق عزیز نے ایک ایک گول بنایا، نیوی کی طرف سے صابر اور شہباز نے 15ویں اور69ویں منٹ میں گول بنائے۔ بدھ کو مزید 2 میچزہونگے۔ ریلویز کا مقابلہ واپڈا بی کیساتھ شیڈول ہے، پی آئی اے کی ٹیم پنجاب کیخلاف میدان میں اترے گی۔
Load Next Story