آئی پی ایل ہر ٹیم کے ساتھ ایک جاسوس موجود رہے گا

بھارت نے ایونٹ کو فکسنگ سے بچانے کیلیے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا

بھارت نے ایونٹ کو فکسنگ سے بچانے کیلیے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کرلیا۔ فوٹو: فائل

بھارت نے آئی پی ایل کو فکسنگ سے بچانے کیلیے مزید سخت اقدامات کا فیصلہ کر لیا، متحدہ عرب امارات کی انتظامیہ سے بھی مدد لی جائیگی۔


ہر ٹیم کیساتھ ایک جاسوس موجود رہے گا، بھارتی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ روی سوانی کہتے ہیں کہ ہم نے ماضی سے بہت کچھ سیکھا، اب زیادہ محتاط رہیں گے، البتہ کرپشن کے 100 فیصد خاتمے کا دعویٰ نہیں کرسکتے۔ تفصیلات کے مطابق بھارتی بورڈ نے پریمیئر لیگ کے ابتدائی میچز یو اے ای میں کرانے کا فیصلہ کیا جہاں پر ماضی میں فکسنگ کی وجہ سے وہ کھیلنے سے انکار کرتا رہا ہے،گذشتہ برس اس کے اپنے ملک میں کرپشن کے چھینٹوں نے ایونٹ کو کافی داغدار کیا۔ بی سی سی آئی اینٹی کرپشن یونٹ کے سربراہ روی سوانی نے ایک انٹرویو میںکہاکہ یو اے ای میں میچز کے حوالے سے کسی پریشانی کا سامنا نہیں کرنا پڑیگا، ہم نے ایک سسٹم تیار کرلیا ہے، گذشتہ برس جوکچھ ہوا اس سے بورڈ نے بہت کچھ سیکھا، اسکے بعد جسٹس مدگال رپورٹ اور آئی سی سی اینٹی کرپشن رپورٹ میں کی گئی سفارشات کو بھی قبول کیا۔

اس لیے ہماری پوری کوشش ہوگی کہ اس بار ایونٹ صاف شفاف رہے، یو اے ای میں ٹورنامنٹ کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ ہرجگہ قوانین موجود ہوتے ہیں، قتل ایک بہت بڑا جرم ہے اس کے باوجود لوگ قتل ہوتے ہیں، ٹوئنٹی 20 تو ویسے بھی کافی غیرمحفوظ قسم کا فارمیٹ ہے، کچھ لوگ اپنا کام کرجانے میں کامیاب رہتے ہیں، اگر ضرورت پڑی تو ہم یواے ای میں زیادہ نفری تعینات کرینگے، ہمیں مقامی انتظامیہ کا تعاون بھی حاصل رہے گا، ویسے بھی یہاں پر کئی انٹرنیشنل مقابلے ہوچکے ہیں، ہرٹیم کے ساتھ موجود ہمارا ایک آفیسر کھلاڑیوں کی نقل و حرکت پر نظر رکھا کرے گا، ہم ایسا پہلی بار کررہے ہیں۔
Load Next Story