مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودہ گرنے سے2 بھارتی فوجیوں سمیت 13افراد ہلاک

شدیدبرف باری کےباعث مقبوضہ وادی کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع،150سے زائد گھرتباہ،علاقے میں بجلی اور پانی کا نظام متاثر

شدیدبرف باری کےباعث مقبوضہ وادی کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع،150سے زائد گھرتباہ،علاقے میں بجلی اور پانی کا نظام متاثر۔ فوٹو اے ایف پی

مقبوضہ کشمیر میں برفانی تودہ گرنے سے 2 فوجیوں سمیت 13افراد ہلاک ہو گئے جبکہ13 ملبے تلے دب گئے۔


100سے زائد افراد کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا، شدیدبرف باری کے باعث مقبوضہ کشمیر کا رابطہ بیرونی دنیا سے منقطع ہوگیاجبکہ 150 سے زائد گھروں کو شدید نقصان پہنچا۔ بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں بے موسم کی برف باری سے نظام زندگی معطل ہو گیا، برفباری سے کئی علاقوں کو بجلی کی فراہمی معطل ہے، برف باری سے درجنوں مکانات سمیت 150 عمارتوں کونقصان پہنچا، عوام کو پانی کے حصول میں بھی سخت دشواری کا سامنا ہے، سردی کی شدت میں اضافے کے باعث پیر سے اسکول بند ہیں، 2 روز سے جاری برف باری کے نتیجے میں وادی کا رابطہ دیگر حصوں سے منقطع ہو گیا ہے۔

جموں کشمیری ہائی وے مسلسل دوسرے روز ٹریفک کیلیے بند ہے، رن وے پر برف جمنے کے باعث پروازوں کی آمد و رفت معطل ہے، لداخ خطے کے کارگل سیکٹر میں ایک فوجی کیمپ پر برفانی تودہ گرنے سے 82 فیلڈ رجمنٹ کے 2 بھارتی فوجی نائیک وجے پرساد اور درمیندر سنگھ ہلاک ہوگئے۔ مقبوضہ کشمیر کے ضلع کولگام میں واقع گاؤں کے 2 مکانوں پر تودے گرنے سے 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ قاضی گنڈ کے علاقے میں مکان منہدم ہونے سے 48 سالہ خاتون جاں بحق ہو گئی۔ کارگل سیکٹر میں کان پر پتھر گرنے سے 3 نیپالی مزدور ہلاک ہوگئے۔ سری نگر مظفر آباد دو طرفہ تجارت دوسرے روز بھی معطل رہی، درجنوں مال بردار ٹرک آرپار کے ٹریڈ سینٹروں پر کھڑے رہنے سے تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان ہوا۔
Load Next Story