ٹیکس چوری کرنے کا شبہ 35 اسٹیل ملز میں ٹیکس افسران تعینات کرنے کا حکم

اسٹیل سیکٹرسے کم محصولات ملنے کے انکشاف پر فیڈرل بورڈ آف ریونیونے 25 اسٹیل ملز کو نوٹس بھی جاری کردیے۔

اسٹیل سیکٹرسے کم محصولات ملنے کے انکشاف پر فیڈرل بورڈ آف ریونیونے 25 اسٹیل ملز کو نوٹس بھی جاری کردیے۔ فوٹو: فائل

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) نے ٹیکس چوری میں ملوث 35 سے زائد اسٹیل ملزمیں ٹیکس افسران تعینات کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔


ایف بی آر کے سینئر افسر نے ''ایکسپریس'' کو بتایا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو موصول ہونے والی رپورٹ میں انکشاف ہوا ہے کہ اسٹیل سیکٹر سے صلاحیت سے کم ٹیکس مل رہا ہے اور اسٹیل ملز، اسٹیل میلٹرز و ری رولرز کی طرف سے اصل کی نسبت کم ٹیکس جمع کرایا جا رہا ہے جس پر ایف بی آر نے اسلام آباد کی 7 اسٹیل ملز سمیت مجموعی طور پر 25 اسٹیل ملز کو نوٹس بھی جاری کردیے ہیں۔ ذرائع کے مطابق فیلڈ فارمشنز سے کہا گیا ہے کہ اسٹیل یونٹس میں ٹیکس افسران تعینات کیے جائیں اور اسٹیل ملز کی پیداوار اور انکی سیل و پرچیز کو مانیٹر کیا جائے اور جو اسٹیل ملز قانون کی خلاف ورزی کی مرتکب پائی جائیں۔

ان کے خلاف کارروائی کی جائے اور آڈٹ کیا جائے۔ ذرائع نے بتایا کہ جن اسٹیل یونٹس کی طرف سے کم ٹیکس ادا کیا جارہا ہے ان میں اسلام آباد کے 7 یونٹس شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ ایف بی آر نے فیلڈ فارمشنز کو ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال کے باقی ماندہ ساڑھے 3ماہ کے دوران زیادہ سے زیادہ ٹیکس وصولیوں کو یقینی بنایا جائے اور ٹیکس واجبات کی بھی ریکوری کو یقینی بنایا جائے۔
Load Next Story