ورلڈ ٹی 20 بنگلہ دیش میں بجلی کا بحران خطرہ بننے لگا

دوران میچز وینیوز کو سپلائی برقرار رکھنے کیلیے فرٹیلائز رفیکٹریز سے قربانی مانگ لی گئی

دوران میچز وینیوز کو سپلائی برقرار رکھنے کیلیے فرٹیلائز رفیکٹریز سے قربانی مانگ لی گئی۔ فوٹو: فائل

بنگلہ دیش میں بجلی کا بحران ورلڈ ٹوئنٹی 20 کیلیے خطرہ بننے لگا، دوران میچز وینیوز کو سپلائی برقرار رکھنے کیلیے اتھارٹیز نے فرٹیلائزر فیکٹریز سے قربانی مانگ لی۔


تفصیلات کے مطابق بدھ کو چٹاگانگ میں افغانستان اور نیدرلینڈز کے درمیان میچ کے دوران تین مرتبہ بجلی کی فراہمی میں تعطل نے خطرے کی گھنٹی بجا دی، ظہور احمد چوہدری اسٹیڈیم میں پہلی بار بجلی پونے پانچ بجے منقطع ہوئی اور 23 منٹ تک معطل رہی، پھر دوسری اننگز کے آغاز پر بھی غائب ہوگئی، چار منٹ بعد بحال ہوئی مگر تھوڑی دیر بعد پھر 15 منٹ کیلیے چلی گئی، اس آنکھ مچولی میں نیدرلینڈز کی اننگز کو 15 اوورز تک محدود کرنا پڑا، یہ پہلا موقع نہیں ہے جب چٹاگانگ میں ایسی صورتحال کا سامنا کرنا پڑا ہو، اس سے پہلے 2011 میں پاک بنگلہ دیش ایک ون ڈے میچ کے دوران پورے 20 منٹ تک بجلی غائب رہی تھی۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ یہاں پر کوئی اسٹینڈ بائی جنریٹر بھی موجود نہیں جسکی وجہ سے مکمل طور پر انحصار بجلی سپلائی کرنے والے ادارے پر ہے۔ بنگلہ دیشی انتظامیہ کو بھی بجلی کے بحران کا اچھی طرح ادراک ہے اس لیے اس نے ایونٹ کے دوران وینیوز کو بلاتعطل بجلی کی فراہمی کیلیے فرٹیلائزرز فیکٹریوں کو اپنی پیداوار ہی معطل کرنے کو کہا ہے تاکہ ان کے حصے کی گیس پاور پلانٹ کو فراہم کرکے اضافی بجلی پیدا کی جاسکے۔ آئل اینڈ گیس کارپوریشن کے چیئرمین محمد حسین منصور نے کہاکہ ہمارے پاس سوائے اس کے اور کوئی چارہ ہی نہیں کہ فرٹیلائزرزکو پیداوار روکنے کی ہدایت کرتے ہوئے انکی گیس بجلی بنانے کیلیے استعمال کریں۔ یاد رہے کہ ٹوئنٹی 20 کرکٹ کے میگا ایونٹ کا آغاز اتوار کو ہو رہا ہے۔
Load Next Story