پریذیڈنٹ ٹرافی کرکٹ فائنل سوئی گیس کا یو بی ایل کے گرد گھیرا تنگ

6 حریف بیٹسمینوں کو صرف 89 پر پویلین بھی بھیج دیا،نعیم الدین8 رنزکی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے

ٹیم نے386 کا مجموعہ پایا،6 حریف بیٹسمینوں کو صرف 89 پر پویلین بھی بھیج دیا،نعیم الدین8 رنزکی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے۔ فوٹو: فائل

پریذیڈنٹ ٹرافی فائنل میں سوئی گیس نے یوبی ایل کے گرد گھیرا تنگ کردیا، ٹیم نے پہلی اننگز میں386رنز بنانے کے بعد حریف سائیڈ کے 6 بیٹسمینوں کو صرف89 پر پویلین بھیج دیا۔


نعیم الدین صرف 8 رنز کی کمی سے ڈبل سنچری مکمل نہ کر سکے، عاطف مقبول کی4 وکٹیں ناقص بیٹنگ پرفارمنس کے سبب دب کر رہ گئیں۔ تفصیلات کے مطابق ملتان کرکٹ اسٹیڈیم میں فائنل کے دوسرے روز سوئی گیس نے3 وکٹ پر 228 رنز سے نامکمل اننگز شروع کی، دیگر بیٹسمین اسکور میں مزید 158 رنز کا اضافہ کرسکے،259 رنز پر دوسرے روز کے پہلے آئوٹ ہونے والے بیٹسمین کپتان مصباح الحق 67کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے، انھیں طارق ہارون نے رخصت کیا،285پر خرم شہزاد(4) نے بھی پارٹنر نعیم الدین کا ساتھ چھوڑ دیا، 340 پر وکٹ کیپر عدنان اکمل 20 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے، صرف ایک رن کے اضافے سے یاسر شاہ بغیر کوئی رن بنائے چل دیے، بعدازاں نعیم نے موقع کی نزاکت کو بھانپتے ہوئے تیزی سے اسکور کرنا شروع کیا، اس دوران وہ ڈبل سنچری سے صرف 8 رنز قبل عادل رضا کے ہاتھوں رن آؤٹ ہوگئے، عمران علی نے آخری لمحات میں 24 رنز ناٹ آئوٹ بناکر ٹیم کا اسکور386 تک پہنچایا، عاطف مقبول نے 84 رنز دے کر4 وکٹیں اپنے نام کیں، طارق ہارون اور کاشف بھٹی نے2,2پلیئرز کو آئوٹ کیا۔

جواب میں حمزہ پراچہ اور عابد علی نے یوبی ایل کو 42 رنز کا آغاز فراہم کیا لیکن حمزہ (22) کی وکٹ گرنے کے بعد وکٹیں گرنے کا سلسلہ شروع ہوگیا،53 کے مجموعی اسکور پر سعد سکھیل11))اور 61 پر سعید بن ناصر (5) نے بھی جلد بازی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وکٹیں گنوا دیں، بعدازاں وجیہ الدین(1)، کپتان زوہیب (صفر) اور طارق ہارون (8) نے بھی غیر ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹیم کو مشکل میں ڈال دیا، دوسرے روز کا کھیل جب ختم ہوا تو اس وقت تک یوبی ایل نے 89 پر 6 وکٹیں گنوا دی تھیں، اوپنر عابدعلی31 اور کاشف بھٹی 7 رنز کے ساتھ تیسرے دن کا آغاز کریں گے، یاسر شاہ نے28 رنز کے عوض2 وکٹیں اپنے نام کیں، سمیع اللہ خان اور عمران علی کے حصے میں ایک، ایک وکٹ آئی۔
Load Next Story