گوادر بندرگاہ پر اقتصادی راہداری قائم کی جائیگی کامران مائیکل

چینی شراکت سے تیار، 1.2 ارب ڈالر سرمایہ لگے گا، وزیراعظم نے9 منصوبوں کی منظوری دیدی

ہالینڈ اور بلجیم کے ساتھ گوادرپورٹ میں شراکت کے معاہدوں پر دستخط آئندہ ماہ ہونگے، کامران مائیکل فوٹو: اے پی پی/فائل

MADRID:
وفاقی وزیر برائے جہاز رانی و بندرگاہ سینیٹر کامران مائیکل گوادر بندرگاہ پر اقتصادی راہداری (اکنامک کاریڈور) کے قیام کا اعلان کرتے ہوئے بتایا کہ چینی شراکت سے تیار ہونے والی اس راہداری کے لیے معاہدوں کی صورت میں 1 ارب 20 کروڑ ڈالر کی خطیر رقم گوادر بندرگاہ کی ڈیولپمنٹ کے لیے مختص کی گئی ہے جو 2 سے 3 سال میں حاصل ہو سکے گی۔


انہوں نے بتایا کہ گوادر بندرگاہ کی ڈیولپمنٹ کے سلسلے میں وزیراعظم سے 9 منصوبوں کی منظوری باضابطہ طور پر لے لی گئی ہے، اس سے گوادر میں جدید ترین ایئرپورٹ، روڈ انفرااسٹرکچر، اسپتال، اسکول اور ووکیشنل انسٹیٹیوٹ قائم کیے جائیں گے، مزید برآں ان سے گوادر بندرگاہ کی مزید گودیاں بھی تعمیر کی جائیں گی جن پر بین الاقوامی شہرت کی حامل کمپنیاں بیرونی انویسٹمنٹ لے کر آئیں گی۔ گوادر کے حالیہ دوروں میں وزیر جہاز رانی و بندرگاہ نے مختلف ممالک کے سفارتکاروں سے ملاقاتیں کیں اورانھیں گوادر بندرگاہ کا دورہ بھی کرایا جس میں ان ممالک کے کاروباری افراد نے کاروبار کا رخ گوادر کی جانب کرنے کی یقین دہانی کرائی۔ ہالینڈ اور بلجیم کے سفیروں نے باضابطہ طور پر گوادر بندرگاہ میں اپنی مشترکہ شراکت کے سلسلے میں آمادگی ظاہر کی ہے، اس حوالے سے آئندہ ماہ وفاقی وزیر جہازرانی و بندرگاہ تجارت کے باہمی فروغ کے لیے ان دو ممالک کے ساتھ معاہدوں پر با ضابطہ دستخط کریں گے جو گوادر کے روشن مستقبل کے لیے نئی راہیں استوار کرے گا۔

اس ضمن میں وفاقی وزیر کے بیرونی دورے کے بعد وزارت خارجہ کی جانب سے موصول ہونے والے خط میں بھی ان کی آئی ایم ایو جنرل اسمبلی سیشن میں شرکت کو سراہا گیا۔ کامران مائیکل نے کہا کہ پاکستان کی ترقی گوادر بندرگاہ کی ترقی سے منسلک ہے اور اس ضمن میں وزیر اعظم کی سربراہی میں وزارت جہاز رانی و بندرگاہ پورے عزم کے ساتھ کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ پاکستان کی ترقی کے خواہاں نہیں ہیں وہ اس پراجیکٹ کی مخالفت کرتے ہیں اور یہ سازشی ٹولہ جو رکاوٹیں ڈال رہا ہے انھیں شکست فاش ہوگی، جو لوگ گوادر کو فعال نہیں دیکھنا چاہتے ہم ان کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہو جائیںگے اور وزیر اعظم کے وژن کی تکمیل ذریعے گوادر شہر اور گوادر بندرگاہ کی تعمیر جدید خطوط پر کی جائے گی۔
Load Next Story