پاک امریکا ٹریڈ شو 2 تا 5 مئی واشنگٹن میں منعقد ہوگا

200 سے زائد پاکستانی کمپنیاں اور سرمایہ کار شرکت کریں گے، حسن جلیل

ٹیکسٹائل ودیگر اشیار کھی جائینگی، 90 فیصد اسٹالز کی بکنگ ہوچکی، انتظامیہ فوٹو: فائل

امریکا میں ملکی تاریخ کا سب سے بڑا پاک امریکا ٹریڈ شو 2 سے 5 مئی2014 کو واشنگٹن میں منعقد ہوگا جس میں 200 سے زائد پاکستانی کمپنیاں اورسرمایہ کارشرکت کریں گے۔


یہ بات پاک امریکا ٹریڈ ایکسپو کے سربراہ حسن جلیل نے بتائی۔ انہوں نے کہا کہ اس مشترکہ تجارتی میلے میں دونوں ملکوں کی مصنوعات اور ثقافتی نمائش کا بھر پور مظاہرہ کیا جائے گا، یہ تجارتی میلہ پاکستان اور امریکی تاجروں کو دونوں ملکوں میں تجارت وسرمایہ کاری کے نئے مواقع فراہم کرے گا، تجارتی میلے کے منتظم کی کوشش ہے کہ ٹریڈ ایکسپو کے علاوہ شعبہ جاتی بنیادوں پرکاروباری نوعیت کے اجلاسوں کا بھی اہتمام کیا جائے۔

پاک امریکا ٹریڈ ایکسپو کے چیف آرگنائزر نسیم الدین مرزا نے اس موقع پر بتایا کہ اس تجارتی میلے کی بنیاد ''امداد نہیں تجارت'' ہے جس کے تحت دونوں ممالک کے سربراہوں نے دوطرفہ تجارتی حجم 6 ارب ڈالر سے بڑھانے کا عزم کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاک امریکا ٹریڈ ایکسپو میں ٹیکسٹائل مصنوعات، بیڈ لینن، کاٹن مصنوعات، یارن، ٹاولز، خام یارن، چاول، گندم، غذائی مصنوعات، سبزیاں، پھل، پٹرولیم مصنوعات اور کیمیکلز کے اسٹالز لگائے جائیں گے جبکہ کارپٹس، سرجیکل آلات، ماربل، جیولری، سیاحت اور کنسٹرکشن کے شعبوں کو بھی امریکی منڈیوں میں متعارف کرایا جائے گا۔ انتظامیہ نے دعوی کیا ہے کہ پاک امریکا ٹریڈ ایکسپو کے لیے دونوں ممالک کے تاجر بھرپور دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں اور 90 فیصد سے زائد اسٹالز کی بکنگ مکمل ہوچکی ہے۔
Load Next Story