کلین سوئپ کا ویسٹ انڈین خواب ادھورا رہ گیا

انگلش کرکٹرجورڈن نے آبائی وطن کے شائقین کو رلادیا،شاندارآل راؤنڈ کارکردگی

تیسرا ٹوئنٹی20: انگلش بولر کرس جورڈن ویسٹ انڈین کھلاڑی مارلون سموئلز کو بولڈ کرنے پر خوشی سے بے قابو، انھوں نے 3 وکٹیں حاصل کیں

MULTAN:
انگلینڈ کیخلاف ٹوئنٹی20 سیریز میں کلین سوئپ کا ویسٹ انڈین خواب ادھورا رہ گیا۔


کرس جورڈن نے آبائی وطن کے شائقین کو رلا دیا، بارباڈوس میں پیدا ہونے والے آل راؤنڈر نے صرف 9 گیندوں پر27 رنز جڑنے کے بعد 3 وکٹیں اڑا کر مہمان ٹیم کو سیریز میں 5 رنز سے واحد فتح دلا دی۔ تفصیلات کے مطابق 160 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے میزبان ٹیم کے قدم ابتدا میں ہی ڈگمگا گئے، پہلے اوور میں ڈیرن اسمتھ بغیر کوئی رن بنائے رخصت ہوئے، دوسرے میں جانس چارلس 4 رنز پر میدان بدر ہو گئے، مارلون سیموئلز 15پر جورڈن کا دوسرا شکار بنے، ڈیوائن براوو (16) آؤٹ ہوئے تو اسکور بورڈ پر 10.2 اوورز میں 66 رنز ہی درج ہوپائے تھے، رسل بغیر کھاتہ کھولے کریز چھوڑنے پر مجبور ہوئے، لینڈل سیمنز نے رامدین کے ساتھ 73 کی شراکت سے ٹوٹل 140 تک پہنچایا، آخری 2 اوورز میں 32 رنز درکار تھے، جورڈن نے خطرناک نظر آنے والے رامدین (33) کو بھی دھر لیا۔

اس اوور میں 15 رنز بنے، ڈیرن سیمی نے لینڈل سیمنز 69 کے رن آؤٹ ہونے کے بعد چھکا جڑ کر فتح کی اُمید جگائی لیکن اگلی گیند ضائع کر دی، 7 رنز درکار تھے کہ ڈیرن بیچ نے وائیڈ بال پھینک کر ویسٹ انڈیز کو جیت کا ایک موقع دیا لیکن سیمی آخری گیند پر چھکا نہ لگا سکے، میزبان ٹیم کی اننگز 7 وکٹ پر 160 تک محدود رہی۔ اس سے قبل انگلینڈ نے ایک وکٹ پر 98 رنز بنانے کے بعد 4 وکٹیں 40 رنز کے سفر میں گنوا دیں، مائیکل لمب 63 اور ایلکس ہیلز38رنز کے ساتھ نمایاں رہے، صرف 9 گیندوں کا سامنا کرنے والے جورڈن نے آخری اوور میں براوو کو 4 چھکوں سمیت 26 رنز جڑ کر ٹیم کا مجموعہ 6وکٹ پر 165 تک پہنچایا، سنٹوکی اور کوٹریل نے 2،2 شکارکیے۔
Load Next Story