اسلامی نظریاتی کونسل میں بیمار ذہنیت والے ہیں طاہراشرفی

قائد کا پاکستان بنالیں یا شیرانی کا، عاصمہ،علماہمیشہ آدھی سورۃ کا حوالہ دیتے ہیں، شرمیلا فاروقی

ایسی تجاویز سے امت ایک طرف اورعورتیں دوسری طرف کھڑی ہونگی، مفتی عبدالقوی،تکرار میں گفتگو۔ فوٹو: فائل

مفتی عبدالقوی نے کہا ہے کہ یہ مناسب وقت نہیں تھا کہ اسلامی نظریاتی کونسل تجویز دیتی کہ دوسری شادی کیلیے پہلی بیوی کی اجازت ضروری نہیں۔


ایکسپریس نیوز کے پروگرام تکرار میں میزبان عمران خان سے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ قرآن کہتا ہے کہ اگر عدل کر سکتے ہو تو ایک سے زیادہ نکاح کرو تاہم انسانی فطرت ہے کہ وہ اپنا شریک برداشت نہیں کر سکتا۔ مفتی عبدالقوی نے کہا کہ علما حضرات ایسی تجاویز نہ دیں کہ امت ایک طرف کھڑی ہو اور عورتیں دوسری طرف۔ حافظ طاہراشرفی نے کہا کہ نئی اسلامی نظریاتی کونسل بنائی جائے جو حالات کے تقاضوں کو سمجھتی ہو، موجودہ کونسل میں بیمار ذہنیت والے لوگ بیٹھے ہیں، ان کا تقرر آصف زرداری نے کیا جن کا اپنا ایجنڈا مختلف تھا۔ وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی نے کہا کہ علما حضرات 4 شادیوں کے حوالے سے ہمیشہ آدھی سورۃ کا حوالہ دیتے ہیں، اسلامی نظریاتی کونسل میںاگر بیمار ذہنیت والے لوگ بیٹھے ہیں تو طاہر اشرفی استعفیٰ دیدیں یا لکھ کر ان کے نام دیں۔

ٹی وی پر بیٹھ کر شکایت نہ لگائیں۔ قانون داں عاصمہ جہانگیر نے کہاکہ قائد کا پاکستان بنالیں یا شیرانی صاحب کا، اسلامی نظریاتی کونسل والے سماجی و معاشی انصاف پر بولیں مگر وہ اپنی عیاشیوں کی بات کرتے ہیں، ان کے ذہنوں پر عورت طاری ہے، میری رائے ہے کہ مرد کو ایک سے زیادہ شادیوں کی اجازت دی جائے مگرجب طلاق ہو تو دولت آدھی آدھی کر لی جائے۔ سماجی کارکن فرزانہ باری نے کہاکہ انسانی فطرت ہے کہ عورت برداشت نہیں کرسکتی کہ اس کے خاوندکی اور بھی بیویاں ہوں، یہ ناممکن ہے کہ مرد 2 بیویوں میں جذباتی توازن قائم رکھ سکے،کم عمر شادیوں کی تجویزدینے والوںکو نااہل قرار دیا جائے۔
Load Next Story