کراچی قائم علی شاہ امین فہیم کے گھر پہنچ گئے گلے شکوے دور

کوئی رنجش نہیں، امین فہیم، جمیل الزماں سے قلمدان واپس نہیں لیا گیا، وزیراعلیٰ سندھ

وزیر اعلیٰ قائم علی شاہ امین فہیم کے ہمراہ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کررہے ہیں۔ فوٹو: ایکسپریس

تھر کے معاملے پر وزیر اعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ اورپیپلزپارٹی کے مرکزی رہنمامخدوم امین فہیم کے درمیان ہونے والے اختلافات سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی کوششوں سے دور ہوگئے۔


وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے جمعے کی شب مخدوم امین فہیم سے ٹیلی فونک رابطہ کیااور ان کے گھر پہنچ گئے ،مخدوم امین فہیم نے وزیر اعلیٰ سندھ کاپرتپاک استقبال کیا۔اس موقع پر ان کے دونوں صاحبزادے مخدوم جمیل الزماں اور مخدوم عقیل الزماں بھی موجودتھے۔وزیر اعلیٰ سندھ جیسے ہی مخدوم امین فہیم کے گھر پہنچے تو انھوں نے کہا کہ آپ ہمارے بڑے ہیں اور ہماری آپ کی کوئی ناراضی نہیں ،وزیر اعلیٰ سندھ نے مخدوم امین فہیم کو گلدستہ پیش کیا،دونوں رہنماؤں میں کچھ دیرتک تھرکی صورت حال اورپارٹی امورپربات چیت ہوئی،جس کے بعد دونوں رہنماباہر آئے اور میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے مخدوم امین فہیم نے کہا کہ پیپلزپارٹی میں کسی کے درمیان کوئی اختلاف اوررنجش نہیں ،قائم علی شاہ بھائی ہیں۔

اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ نے واضح طور پر کہا کہ مخدوم جمیل الزماں سمیت کسی سے کوئی قلمدان واپس نہیں لیاگیا ،مخدوم جمیل الزماں بیمارہیں اور ایک ہفتے کی چھٹی پر ہیں ،تھرپارکرمیں ریلیف کے کاموں کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ تھر میں صورت حال بہتر کرنے کی ذمے داری مجھ سمیت پوری کابینہ پرہے اور تھر میں ریلیف کے لیے ہنگامی بنیادوں پرکام کررہے ہیں اور جلد صورت حال بہترہوجائے گی۔دونوں رہنمائوں کے درمیان ناراضی ختم کرانے کے لیے پیپلزپارٹی کی اعلیٰ قیادت کی ہدایت پرسابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی متحرک ہوگئے تھے،سابق وزیراعظم نے اس معاملے کوحل کرنے کیلیے مخدوم امین فہیم اور قائم علی شاہ سے رابطہ کیاتھا،ان رابطوں کے بعددونوں رہنمائوں کے درمیان پیداہونے والی ناراضی کم ہونے لگی، اعلیٰ قیادت کی ہدایت پرہی سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی کراچی پہنچے تھے۔
Load Next Story