بلوچستان میں ہفتے کی صبح تک وسیع پیمانے پر بارش کا امکان

کراچی میں صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے، محکمہ موسمیات

فوٹو: فائل

بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں ہفتے کی صبح تک وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے ارلی وارننگ سینٹر کی پیش گوئی کے مطابق بالائی سندھ پر موجود مون سون ہواؤں کا کم دباو بلوچستان پر موجود ہوا کے کم دباو میں ضم ہوگیا۔

اس موسمی نظام کے زیر اثر ہفتے کی صبح تک بلوچستان کے شمال مشرقی اور جنوبی اضلاع میں وسیع پیمانے پر بارش کا امکان ہے جو دادو، جامشورو، قمبر شہداد کوٹ کے اضلاع اور نشیبی علاقوں میں سیلاب کا باعث بن سکتی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گرج چمک کے ساتھ موسلاھار بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سسٹم مذید کمزور ہونے کے بعد بلوچستان پر موجود ہوا کے ایک دوسرے کم دباو میں ضم ہوگیا، سندھ کے بیشتر اضلاع میں تیز بارشوں کا امکان ختم ہوگیا ہے۔


اگلے 3روز کے دوران کراچی میں مطلع جذوی ابر آلود جبکہ صبح و رات کے اوقات میں بوندا باندی اور ہلکی بارش ہوسکتی ہے۔

چیف میٹرو لوجسٹ کراچی سردار سرفراز کے مطابق 29 اور 30 اگست کے دوران بحیرہ عرب سے آنے والا مون سون کا کمزور سلسلہ سندھ میں ہلکی بارش کا سبب بن سکتا ہے، خلیج بنگال سے اٹھنے والا مون سون کا چھٹا سسٹم سابقہ سسٹمز کی طرح کراچی میں درمیانی اور دیہی سندھ کے مختلف اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ تیز بارشوں کے سبب سیلابی صورتحال کا باعث بنا۔

چیف میٹرو لوجسٹ کے مطابق حالیہ بارشوں کا سبب بننے والا مون سون سلسلہ مذید کمزور ہوچکا ہے جس کے بعد سندھ بھر میں اب گرج چمک کے ساتھ غیرمعمولی بارشوں کا امکان ختم ہوگیا۔

انہوں نے بتایا کہ آئندہ 10 سے 12 دن تک کسی غیر معمولی سسٹم کی آمد کا امکان نہیں ہے، اب تک کی صورتحال کے مطابق نئے سسٹم کے تحت غیرمعمولی بارشوں کا کوئی امکان نہیں ہے، ستمبر کے وسط تک مون سون بارشوں کا امکان برقرار رہے گا اور ستمبر میں مذید مون سون سسٹم بن سکتے ہیں۔
Load Next Story