ورلڈ ٹی 20 زمبابوے کو اپ سیٹ ماسٹر آئرلینڈ کا چیلنج درپیش

پہلی مرتبہ عالمی ایونٹ میں شریک یواے ای کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا

پہلی مرتبہ عالمی ایونٹ میں شریک یواے ای کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہوگا۔ فوٹو: فائل

KARACHI:
ورلڈ ٹوئنٹی 20 کوالیفائنگ رائونڈ میں زمبابوے کو اپ سیٹ ماسٹر آئرلینڈ کا چیلنج درپیش ہے، آئرش سائیڈ سپر 10 میں رسائی کے خواب کو حقیقت بنانے کیلیے پرعزم ہے، زمبابوین کھلاڑی بھی اپنی ساکھ کو بٹہ نہیں لگنے دینا چاہتے۔


دوسرے میچ میں پہلی بار عالمی ٹی20 ٹورنامنٹ کا حصہ بننے والی یو اے ای کی ٹیم کا سامنا نیدر لینڈز سے ہوگا۔ تفصیلات کے مطابق ورلڈ ٹوئنٹی 20 کے کوالیفائنگ رائونڈ میں گروپ بی کے دونوں میچز سلہٹ میں ہونگے، پہلا معرکہ زمبابوے اور آئرلینڈ میں ہوگا، آئرش ٹیم میگا ایونٹس میں بڑی ٹیموں کو حیران کرنے کی تاریخ رکھتی ہے اس کو یہ بات اچھی طرح معلوم ہے کہ اگرسپر10رائونڈ میں جگہ پانی ہے تو پھر زمبابوے کو شکست سے دوچار کرنا ہوگا، دوسری جانب زمبابوین سائیڈ کو بھی یہ بات ثابت کرنی ہے کہ وہ بڑی ٹیموں میں رہنے کی حقدار ہے، اس طرز میں اس کا ریکارڈ کافی ناقص ہے، اس نے 28 انٹرنیشنل میچز کھیلے جس میں سے صرف 4 میں فتح حاصل ہوئی ہے، وہ کبھی بھی ورلڈ ٹی 20 کے اگلے رائونڈ میں جگہ نہیں بنا پائی۔

دوسرا میچ نیدرلینڈز اور یو اے ای میں ہوگا، ڈچ سائیڈ ورلڈ کپ 2015 میں جگہ نہ پانے کی وجہ سے اپنا ون ڈے اسٹیٹس کھو چکی ہے ، اس ایونٹ میں اس کی کارکردگی ملک میں کھیل کے مستقبل کا تعین کریگی، نیدرلینڈز نے 2009 کے ورلڈ کپ میں انگلینڈ کو لارڈز میں شکست دیکر اپ سیٹ کیا تھا، دوسری جانب یو اے ای کی ٹیم پہلی بار اس ایونٹ میں شرکت کررہی تاہم سابق پاکستانی فاسٹ بولر عاقب جاوید کی کوچنگ میں ٹیم کافی فارم میں ہے، نوجوان کھلاڑی اپنی صلاحیتوں کے اظہار کیلیے تیار ہیں۔ یو اے ای ورلڈ کپ 2015 کیلیے بھی کوالیفائی کرچکی ہے۔ گروپ بی میں سے بھی صرف ایک ٹاپ ٹیم سپر 10 رائونڈ کیلیے کوالیفائی کریگی۔
Load Next Story