عاطف ہاکی نیوی نے پولیس کو 82 سے مات دے دی

ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل، پی آئی اے اور نیشنل بینک آمنے سامنے

ایونٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل، پی آئی اے اور نیشنل بینک آمنے سامنے۔ فوٹو: فائل

بریگیڈیئر (ر) منظور حسین عاطف میموریل ہاکی ٹورنامنٹ کی سیمی فائنل لائن اپ مکمل ہوگئی، اس مرحلے میں قومی چیمپئن نیشنل بینک اور پی آئی اے کی ٹیمیں مدمقابل آئیں گی۔

دوسرا معرکہ واپڈا (اے) اور واپڈا (بی) کے مابین ہوگا، اتوار کو کھیلے گئے میچز میں نیوی نے پولیس کو 8-2 اور پی آئی اے نے واپڈا (بی) کو 3-2سے شکست دیدی، محسن صابر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہیٹ ٹرک مکمل بنائی۔موصولہ اطلاعات کے مطابق سرگودھا ہاکی سٹیڈیم میں جاری ٹورنامنٹ کے آٹھویں روز کھیلے گئے پہلے میچ میں نیوی نے پولیس کو آئوٹ کلاس کرتے ہوئے 2کے مقابلے میں8 گول سے کامیابی حاصل کی، پہلے ہاف میں فاتح ٹیم کے فارورڈز نے شاندار مووز بناتے ہوئے حریف کے دفاع میں بار بار شگاف ڈالا اور 4-1 سے برتری حاصل کرلی، محسن صابر نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے ساتویں، دسویں اور 35 ویں منٹ میںگیند کو جال میں پہنچاکرہیٹ ٹرک کا کارنامہ انجام دیا، سلطان عامر کی ایک کوشش کامیاب رہی، دوسرے ہاف میں بھی نیوی کے کھلاڑی چھائے رہے اور مزید 4گول داغ دیے، اسد عزیز نے 38 ویں منٹ میں پولیس کے دفاعی کھلاڑیوں کو لاجواب کیا جبکہ اکبر علی نے 44 ویں اور 47ویں منٹ میں مسلسل دو گول اسکور کیے۔


میچ ختم ہونے سے 10منٹ قبل محمد صابر نے ایک بار پھر گیند کو نیٹ میں پھینک کر اسکور 8-2کردیا،فاتح ٹیم نے تمام فیلڈ گول کیے۔ ایک اور میچ میں پی آئی اے نے واپڈا (بی) کو دلچسپ مقابلے کے بعد 3-2 سے ہرا دیا،سیمی فائنل کی دوڑ میں شامل رہنے کیلیے ضروری تھا کہ واپڈا کی ٹیم یا آخری میچ میں فتحیاب ہوتی یا پھر صرف ایک گول کے مارجن سے ہارتی، میچ کے پہلے ہاف میں دونوں ٹیموں کے مابین سخت مقابلہ ہوا، وسیم نے 13ویں منٹ پنالٹی کارنر کو کار آمد بناتے ہوئے واپڈا کو برتری دلائی لیکن صرف 4 منٹ بعد ہی پی آئی اے کے محمد زبیر نے گول کرکے اسکور 1-1 کردیا۔

بعد ازاں دونوں طرف سے متعدد حملوں کے باوجود کوئی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہ ہوسکی، دوسرے ہاف میں پی آئی اے نے عمدہ کھیل پیش کیا فارورڈز کی چند عمدہ مووز کے بعد 41 ویں منٹ میں احمد شہزاد نے پنالٹی کارنر پر گول کردیا،محمد زبیر نے دوسرا گول داغ کر اپنی ٹیم کی برتری دگنا کردی،بھرپور حملوں کے باوجود واپڈا کے فارورڈز خسارہ کم کرنے میںکامیاب نہ ہوسکے، کھیل کے آخری لمحات میں ڈیفینڈر کی غلطی نے سلیم ناظم کو پنالٹی اسٹروک کے ذریعے گول کرنے کا موقع فراہم کردیا ، میچ کا اختتام 3-2 سے پی آئی اے کے حق میں ہوا تاہم خسارہ ایک گول تک محدود رہ جانے کی وجہ سے واپڈا (بی) ٹیم سیمی فائنل میں پہنچ گئی جہاں اس کا واپڈا (اے) سے مقابلہ ہوگا، فائنل تک رسائی کے دوسرے معرکے میں قومی چیمپئن نیشنل بینک اور پی آئی اے کی ٹیمیںمقابل ہونگی۔
Load Next Story