تین ہٹی سے لیاقت آباد 10 نمبر تک تجاوزات کا خاتمہ

سینئر ڈائریکٹر لینڈ بلال منظر نے آپریشن کی نگرانی کی، عملے کو کسی بھی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا

لیاقت آبادسپرمارکیٹ کے قریب انسداد تجاوزات کا عملہ بھاری مشینری کے ذریعے غیر قانونی پتھار وں اور دکانوں کو مسمار کررہا ہے۔ فوٹو: پی پی آئی

ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی کی ہدایت پر شہر میں تجاوزات کے خلاف جاری آپریشن کے دوران سینئر ڈائریکٹر لینڈ و ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال منظر کی نگرانی میں انسداد تجاوزات سیل نے لانڈھی بھینس کالونی اور لیاقت آباد میں تجاوزات کیخلاف بھرپور آپریشن کرتے ہوئے بڑی تعداد میں سڑکوں کے کنارے قائم پتھارے، ٹھیلے اور غیرقانونی تعمیرات کا خاتمہ کردیا۔


تفصیلات کے مطابق اینٹی انکروچمنٹ کے عملے نے لیاقت آباد میں تین ہٹی سے لے کر لیاقت آباد10نمبر تک بھر پور کارروائی کرتے ہوئے سڑکوں کے اطراف قائم کیے گئے پتھارے، ٹھیلے اور ہر قسم کی تجاوزات کا صفایا کردیا، اس موقع پر ڈائریکٹر اینٹی انکروچمنٹ مظہر خان ، ایڈیشنل ڈائریکٹر محمد شاکراور فوکل پرسن نسیم الغنی کے علاوہ ضلعی انتظامیہ، علاقہ پولیس، ٹریفک پولیس اور سٹی وارڈنز بھی موجود تھے، تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران انسداد تجاوزات کے عملے کو کسی بھی قسم کی مزاحمت کا سامنا نہیں کرنا پڑا جبکہ بدھ کے روز لانڈھی بھینس کالونی اور اس سے ملحقہ علاقوں میں علاقہ پولیس کی موجودگی میں ناجائز تجاوزات کا خاتمہ کرتے ہوئے9ایکڑسے زائد زمین پر ہونے والی غیرقانونی تعمیرات منہدم کردی گئیںاور قیمتی اراضی خالی کرالی گئی محکمہ انسداد تجاوزات نے افرادی قوت اور ہیوی مشینری کا استعمال کرتے ہوئے علاقے میں غیر قانونی طور پر قائم کیے گئے مذبحہ خانے، چھپرا ہوٹل اور پتھاروں کو بھی مسمار کردیا۔

ٹاسک فورس کے چیئرمین بلال منظر نے اس موقع پر موجود میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے تحت شہر میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور شہری بھی ہمارے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں، انھوںنے کہا کہ شہر سے تجاوزات کے خاتمے تک اس آپریشن کو جاری رکھا جائے گا، بلال منظر نے کہا کہ تجاوزات کے باعث شہریوں کو پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جبکہ ٹریفک کی روانی میں خلل کے باعث قیمتی وقت اور ایندھن کا بھی ضیاع ہوتا ہے، انھوں نے کہا کہ ایڈمنسٹریٹر کراچی رئوف اختر فاروقی کی ہدایت پر سرجانی ٹائون سمیت دیگر شہر کے دیگر علاقوں میں بھی تجاوزات کے خلاف جلد آپریشن شروع کیا جائے گا، ابتک جن علاقوں میںتجاوزات کے خلاف آپریشن کرکے تجاوزات کا خاتمہ کیا گیا ہے وہاں بھی کڑی نگرانی کی جارہی ہے اور جن مقامات پر دوبارہ تجاوزات قائم کردی گئی ہیں وہاں ایک بار پھر کارروائی کی جائے گی۔
Load Next Story