رینجرز کی فائرنگ سے زخمی 2 نوجوانوں سمیت 3 افراد کیخلاف مقدمات درج

دانش پولیس کی تحویل میں جبکہ ثاقب اور ندیم عباسی اسپتال میں زیر علاج ہیں، جرائم کا ریکارڈ نہیں ملا، ایس ایس پی ویسٹ

سائٹ میں رینجرزکی فائرنگ سے زخمی نوجوان ثاقب کی والدہ عباسی اسپتال میں صحافیوں سے گفتگو کررہی ہے۔ فوٹو: ایکسپریس

سائٹ ایریا میں رینجرز اہلکاروں کی فائرنگ سے2 زخمیوں سمیت3 نوجوانوں کے خلاف پولیس مقابلے اور سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمات درج کرلیے گئے۔

تفصیلات کے مطابق بدھ کی شب سائٹ ایریا میں اسنیپ چیکنگ کے دوران رینجرز اہلکاروں کی جانب سے کی جانے والی فائرنگ کے بعد حراست میں لیے جانے والے 2 زخمی نوجوان محمد ندیم ولد اسلم ، ثاقب ولد قمر الدین اور دانش ولد علیم الدین کے خلاف سائٹ اے تھانے میں پولیس مقابلے کا مقدمہ الزام نمبر 124/2014 جرم دفعہ 324،353 اور سندھ اسلحہ ایکٹ کے تحت2 مقدمات 125اور 126/2014درج کر لیے گئے ہیں سائٹ پولیس کے مطابق مقدمے رینجرز کے53 ونگ کے سب انسپکٹر بشیر محمد کی مدعیت میں درج کیے گئے ہیں، انھوں نے بتایا کہ گرفتار کیے جانیو الے ملزمان کے قبضے سے2 ٹی ٹی پستول اور ایک موٹر سائیکل برآمد کی گئی ہے جبکہ برآمد ہونے والا اسلحہ تجزیے کے لیے لیبارٹری بھجوا دیا گیا ہے ایس ایس پی ویسٹ زون عرفان بلوچ نے ایکسپریس کو بتایا کہ نوجوان دانش ولد علیم الدین پولیس کی تحویل میں ہے جبکہ زخمی ہونے والے ثاقب اور ندیم عباسی شہید اسپتال میں زیر علاج ہیں۔


انھوں نے بتایا کہ نوجوانوں کے خلاف کسی قسم کا کوئی سابقہ جرائم کا ریکارڈ موجود نہیں،انھوں نے بتایا کہ مذکورہ واقعے پر ڈی جی رینجرز نے نوٹس لیتے ہوئے تحقیقاتی کمیٹی تشکیل دے دی ہے اور ترجمان سندھ رینجرز ہی اس حوالے سے زیادہ بہتر بنا سکتے ہیں، ادھر رینجرز نے زیر علاج نوجوانوں کو انتہائی سخت سیکیورٹی میں رکھا ہوا ہے اور ان پر کڑی نگاہ رکھی جا رہی ہے اہلخانہ کے علاوہ زخمیوں سے کوئی بھی ملنے آتا ہے اور رینجرز اہلکار آدھمکتے ہیں اور انھیں زبردستی وارڈ سے باہر نکال دیتے ہیں،دوسری جانب زخمی اور گرفتار نوجوانوں کے اہلخانہ کا کہنا ہے کہ ان کے بچے گناہ ہیں اور انھیں رینجرز اہلکاروں نے بلا جواز فائرنگ کا نشانہ بنایا۔

انھوں نے بتایا کہ تینوں نوجوان سائٹ کے علاقے میں قائم لیتھ مشین کی فیکٹری میں کام کرتے ہیں اور رات کو ڈیوٹی ختم کرنے کے بعد اورنگی ٹائون نمبر5جا رہے تھے کہ رینجرز اہلکاروں نے انھیں رو کنے کا اشارہ کیا تاہم عین اسی وقت پیچھے سے آنے والا ٹریلر اچانک سامنے آ گیا جس کے باعث رینجرز اہلکار انھیں دیکھ نہیں سکے اور انھوں نے فائرنگ کردی، گرفتار نوجوان دانش کے بھائی ناصر نے بتایا کہ دانش4 بھائیوں میں سب سے چھوٹا ہے اور وہ کسی بھی قسم کی غیر قانونی سر گرمی میں ملوث نہیں، انھوں نے بتایا کہ واقعے کے بعد سے اب تک انھیں اپنے بھائی سے ملاقات کرنے کی بھی اجازت نہیں دی گئی اور نہ ہی ان کے علم میں ہے کہ ان کا بھائی کہاں ہے، انھوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے ان کے ساتھ انصاف کیا جائے۔
Load Next Story