توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور معاشی اقدامات سے خوشحالی آئیگی اسحاق ڈار

وفاقی وزیرخزانہ کا ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ دینے کی ہدایت،اسٹیل ملز کے ملازمین کے لیے 96 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور

وزیرخزانہ سے سیکریٹری دفاع کی ملاقات، دورہ امریکا پربات، اتحادی سپورٹ فنڈ کے بقایات جات بروقت ملیں گے، آصف یاسین، اسحاق ڈارسے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود کی ملاقات، داسو ہائیڈل پاور منصوبے پر بریفنگ دی۔ فوٹو: فائل

کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے خریف سیزن کے لیے درکارکھادکی درآمدکاجائزہ لینے کے لیے 5 ارکان پرمشتمل خصوصی کمیٹی قائم کردی جبکہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کوپکڑی جانے والی اسمگل شدہ و غیرقانونی گاڑیاں نیلام کرنے کی اجازت دے دی ۔


ای سی سی کا اجلاس جمعے کو وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا۔ کمیٹی نے سفارش کی کہ خریف سیزن کے لیے 2 لاکھ ٹن یوریا کھاد کے اسٹرٹیجک ذخائر رکھنے کی ضرورت ہے۔ کمیٹی کو بتایا گیا کہ یوریا کھاد کی ضرورت پوری کرنے کے لیے ٹریڈنگ کارپوریشن آف پاکستان کے ذریعے ایک لاکھ 70 ہزار 5 سو ملین ٹن کھاد درآمد کرنا پڑے گی۔ کمیٹی نے پارکو کو ان لینڈ فریٹ مارجن ایکولائزیشن کے تحت ٹرانسپورٹ چارجز کی مد میں بقایات جات کی ادائیگی کی بھی منظوری دے دی ' ای سی سی نے ریونیو ڈویژن کی ضبط شدہ ٹمپر کی گئی ناقابل مرمت گاڑیوں کو توڑنے سے متعلق سمری کی منظوری دے دی۔ ان گاڑیوں کے باڈی پارٹس کو نیلامی کے لیے پیش کیا جائے گا۔ ایک ٹی وی کے مطابق اجلاس میں پاکستان اسٹیل ملز کے ملازمین کے لیے 96 کروڑ روپے کی گرانٹ منظور کی گئی۔ وزیرخزانہ نے ہدایت کی کہ اسٹیل ملز کے ملازمین کو 2 ماہ کی تنخواہ ادا کردی جائے۔ دریں اثنا وزیر خزانہ اسحاق ڈار سے سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) آصف یاسین ملک نے ملاقات کی اور انھیں اپنے حالیہ دورہ امریکا کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

سیکریٹری دفاع نے بتایا کہ اتحادی سپورٹ فنڈ کے بقایات جات کے معاملات درست سمت میں گامزن ہیں اور بقایات جات بروقت ملیں گے۔ وزیرخزانہ نے سیکریٹری دفاع کو یقین دہانی کرائی کہ وہ اپنے آئندہ دورہ امریکا میں امریکی حکام سے اتحادی سپورٹ فنڈ کے معاملے پر بات کریں گے۔ دریں اثنا وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور معاشی اقدامات کے باعث ملک صحیح راستے پر گامزن ہے' ان اقدامات سے لوگوں کے لیے خوشحالی اور ترقی آئے گی۔ اس ضمن میں جاری کردہ اعلامیے کے مطابق ان خیالات کااظہاروزیر خزانہ نے عالمی بینک کے مشیر ہارون شریف کے ہمراہ ملاقات کے لیے عالمی بینک کے کنٹری ڈائریکٹر راشد بن مسعود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ملاقات میں عالمی بینک کے پاکستان کے لیے تعاون کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا' کنٹری ڈائریکٹر نے وزیرخزانہ کو داسو ہائیڈل پاور منصوبے سے متعلق اب تک کی پیشرفت سے آگاہ کیا۔ ورلڈ بینک کے ساتھ متوقع ملاقات کو بھی حتمی شکل دی گئی۔ وفاقی وزیر نے پاکستان کے توانائی اور انفرااسٹرکچر کے منصوبوں پرعالمی بینک کے کردار کی تعریف کی۔
Load Next Story