سندھ حکومت میں شمولیت متحدہ کا وزرا کے ناموں پر غور جاری

متحدہ کی قیادت نے پی پی کو پیغام دیا ہے 48 گھنٹوں میں وزرا اور مشیروں کے نام بتادیے جائینگے

متحدہ کی قیادت نے پی پی کو پیغام دیا ہے 48 گھنٹوں میں وزرا اور مشیروں کے نام بتادیے جائینگے۔ فوٹو: فائل

متحدہ قومی موومنٹ کی اعلیٰ قیادت کے درمیان سندھ کابینہ میں ممکنہ طورپرشمولیت کے لیے ایم کیو ایم کے وزراکے ناموں پرغور جاری ہے۔


ایم کیوایم کی قیادت نے پیپلزپارٹی کوپیغام دیاہے کہ آئندہ24 سے48گھنٹوں میں ایم کیو ایم کے وزرااور مشیران کے ناموں کی حتمی فہرست سے آگاہ کردیاجائے گا۔ذرائع نے بتایاکہ ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کے رہنمائوں کے درمیان سندھ کابینہ میں شمولیت کے حوالے سے اہم بات چیت کامرحلہ آئندہ ایک سے 2روزمیں ہوگا،یہ ملاقات گورنرہائوس میں ہوگی،جس میں گورنر عشرت العباد،وزیراعلیٰ سندھ سیدقائم علی شاہ،پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے اہم رہنماشرکت کریں گے،سندھ حکومت میں شمولیت اور وزراکے ناموں کے حوالے سے ایم کیو ایم کی قیادت میں صلح ومشورے جاری ہیں،ابتدائی طورپر وزرااورمشیروں کے لیے فیصل سبزواری،عظیم فاروقی، افتخار عالم، ڈاکٹر صغیر،عادل صدیقی،اشفاق منگی،سید وقار حسین،محمد دلاورکے علاوہ ایک خاتون ایم پی اے اوردیگر کے نام زیرغورہیں تاہم ان ناموں کی حتمی منظوری الطاف حسین دیں گے اور الطاف حسین ہی ایم کیوایم کے وزراکے قلمدانوں کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔

ذرائع کاکہناہے کہ ایم کیوایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان پیپلزپارٹی سے اتحاداورسندھ حکومت میں شمولیت کے حوالے سے مشاورت جاری ہے، اس مشاورت کے بعد پیپلز پارٹی کی اعلیٰ قیادت سے بھی رابطے کیے گئے ہیں اور دونوں جماعتوں میں اس بات پراتفاق ہواہے کہ سندھ میں بلدیاتی نظام اوردیگرامورکومرحلہ وار مشاورت سے طے کیاجائے گا،اس رابطے میں ایم کیوایم کی قیادت نے پیپلزپارٹی کوآگاہ کیاہے کہ الطاف حسین کی جانب سے منظوری ملتے ہی سندھ حکومت میں شمولیت کاباقاعدہ اعلان کردیاجائیگا،پیپلزپارٹی اور ایم کیو ایم کے رہنمائوں کی آئندہ ایک سے دو روزکے دوران ملاقات میں حتمی فارمولہ طے کرلیا جائے گا، پیپلز پارٹی اورایم کیوایم کی قیادت کے درمیان محکمہ بلدیات ایم کیوایم کو دینے کے حوالے سے بھی مشاورت ہورہی ہے۔پیپلزپارٹی ذرائع کا کہناہے کہ محکمہ بلدیات ایم کیو ایم کودینے یا نہ دینے کے حوالے سے جو بھی فیصلہ ہوگا، اس سے ایم کیو ایم کو آگاہ کردیاجائیگا۔ذرائع کا کہناہے کہ آئندہ ہفتے تک ایم کیوایم سندھ حکومت میں شمولیت کاباقاعدہ اعلان کرسکتی ہے۔
Load Next Story