کراچی نیب کے ڈی ایس پی اور پولیس اہلکارسمیت 11 افراد ہلاک

ڈی ایس پی آغا جمیل کوشرف آباد میں نشانہ بنایا گیا ،بچہ بھی جاں بحق ،کورنگی میں اہلکار نعیم ہلاک

رضویہ، نیو کراچی، میراں ناکہ میں 3 قتل، مختلف علاقوں سے خاتون سمیت 5 لاشیں ملیں۔ فوٹو: فائل

شہر میں فائرنگ اورپرتشدد واقعات میں نیب کے ڈی ایس پی آغا جمیل، پولیس اہلکار اورنو عمر لڑکے سمیت 11افراد ہلاک ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق کورنگی ڈھائی نمبرپرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے پولیس کانسٹیبل 40 سالہ نعیم الدین ہلاک ہوگیا،مقتول زمان ٹائون تھانے کامنشی تھا۔وہ سادہ لباس میں اپنی ڈیوٹی پرجارہا تھاکہ ڈھائی نمبر پر نامعلوم افراد نے فائرنگ کردی ۔گولیماررضویہ سوسائٹی میں دکان پرفائرنگ سے 35 سالہ شجاعت عباس ہلاک جبکہ 50 سالہ توفیق زخمی ہوگیا ،شجاعت عباس کی ہلاکت پر نامعلوم افراد نے عباسی شہید اسپتال میں توڑ پھوڑ کی۔ایس ایچ او رضویہ مظہر اقبال نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول رضویہ میں امام بارگاہ شاہ کربلاکے ٹرسٹی امجدشاہ کابھائی،علاقے کا ہی رہائشی اورغیرشادی شدہ تھا ، مجلس وحدت المسلمین کے ترجمان احمر کے مطابق شجاعت ان کی تنظیم کا کارکن تھا۔نیوکراچی سیکٹر 11-L میں 2نامعلوم مسلح ملزمان نے پرچون کی دکان پر فائرنگ کر دی اورفرار ہو گئے،فائرنگ کے نتیجے میں دکان کامالک ہلاک ہو گیا، مقتول کی شناخت40 سالہ ہارون کے نام سے کر لی گئی ،مقتول نیو کراچی سیکٹر 11-Lکا ہی رہائشی ہے۔


چاکیواڑہ میراں ناکہ کے قریب فائرنگ سے غلام شبیرنامی شخص ہلاک ہوگیا،مقتول لیاری کے علاقے سنگولین کا رہائشی تھا،وہ چپلیں بنانے کا کام کرتا تھا۔لیاری سلاٹرہائوس کے قریب ہاتھ پائوں بندھی لاش ملی جسے ملزمان نے اغواکے بعد بدترین تشدد کانشانہ بناکر فائرنگ کرکے ہلاک کیا،مقتول کی شناخت 28 سالہ صابر پٹھان کے نام سے ہوئی جوکلری نیازی چوک کا رہائشی تھا، مقتول کاتعلق عذیربلوچ کے شکیل بادشاہ خان گروپ سے بتایاجارہاہے ۔پاک کالومیوہ شاہ قبرستان کے قریب سے ایک شخص کی لاش ملی جسے اغوا کرکے تشدد کانشانہ بنانے کے بعد فائرنگ کرکے ہلاک کیاگیاجس کی شناخت28سالہ ماجدکے نام سے ہوئی، مقتول نشتر روڈگارڈن کارہائشی تھا۔پاک کالونی حسن اولیاکالونی میں میدان سے40سالہ نامعلوم شخص کی لاش ملی جوپراسرار طورپرہلاک ہوگیا ،مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی۔ شیرشاہ لیاری ایکسپریس وے اکبرشاہ روڈ کے قریب ندی سے 14سالہ جواد حسین کی گلے میں پھندا لگی لاش ملی، مقتول بلاکD جناح روڈشیر شاہ کا رہائشی تھا، مقتول جمعے کی شب شادی کی تقریب میں شرکت کرنے کے لیے گھرسے نکلا تھا اور گھر نہیں لوٹا،مقتول کے والدمقامی فیکٹری میں چوکیدار ہیں اور3 ماہ قبل میں لیاری کے علاقے بہارکالونی سے شیرشاہ منتقل ہوئے تھے۔

فیروزآبادتھانے کی حدودکراچی میمن سوسائٹی میں واقعے مونااپارٹمنٹ کے فلیٹ نمبر15سے معمرخاتون کی5 سے6روز پرانی لاش ملی جوپر اسرار طور پر ہلاک ہو گئی ،متوفیہ کی شناخت85 سالہ رضیہ بیگم کے نام سے ہوئی ،متوفیہ مذکورہ فلیٹ میں اپنے بیٹے کے ہمراہ رہائش پذیرتھیں تاہم بیٹا ان دنوں باہر گیاہوا تھا۔صدرپیراڈائز مارکیٹ کے قریب کپڑے کی دکان میں فائرنگ سے کپڑے کی دکان کا مالک 27 سالہ ذیشان، ابراہیم حیدری تھانے کی حدودعلی گوٹھ میں فائرنگ سے 25 سالہ ریاض زخمی ہوگیا۔ رات گئے ملنے والی اطلاعات کے مطابق شرف آبادمیں ہوٹل پرنامعلوم افراد کی فائرنگ سے نیب میں تعینات ڈی ایس پی آغاجمیل شدید زخمی ہوگئے جبکہ ملزمان کی فائرنگ سے 6سالہ فیضان بھی زخمی ہوا ،دونوں کو فوری طور پر اسٹیڈیم روڈ پر واقع نجی اسپتال پہنچایا گیا تاہم دونوں ہی دوران علاج زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے ، ڈی ایس پی آغا جمیل شرف آبادمیں قائم ملک ہوٹل پرکھانا کھارہے تھے کہ موٹر سائیکل سوار ملزمان نے فائرنگ کردی۔

ڈی ایس پی آغا جمیل نیب کے موجودہ ڈائریکٹرجنرل واجد درانی کے معتمدخاص تھے جبکہ واجد درانی نے ہی سندھ پولیس سے ان کاتبادلہ نیب میں کرایاتھا ، آغا جمیل 20 ستمبر1996 کو ہونے والے میرمرتضی بھٹو کیس میں گرفتار بھی ہوئے تھے،آغا جمیل کراچی کے مختلف تھانوں میں بطور ایس ایچ اوجبکہ ترقی کے بعد کئی علاقوں میں بطور ڈی ایس پی بھی خدمات انجام دے چکے تھے،حالیہ دنوں میں وہ نیب میں بطور تفتیشی افسر کام کررہے تھے ،آج کل آغا جمیل ایک اہم کیس پرکام کررہے تھے،پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کی زد میں آنے والا بچہ ہوٹل پر روٹی لینے آیاتھا جوکہ ابتدائی معلومات کے مطابق علاقے کاہی رہائشی تھا۔دریں اثنا ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی نے آغا جمیل اور راہگیر بچے کے قتل کی سخت الفاظ میں مذمت کی۔
Load Next Story