نیوزی لینڈ سے شکست پر محمد یوسف نے عجیب منطق پیش کردی

اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے پر کوئی بات نہیں ہوئی نہ ہی ہونا چاہیے، بیٹنگ کوچ

اوپننگ جوڑی کو تبدیل کرنے پر کوئی بات نہیں ہوئی نہ ہی ہونا چاہیے ۔ فوٹو : انٹرنیٹ

قومی کرکٹ ٹیم کے بیٹنگ کوچ محمد یوسف نے نیوزی لینڈ کے خلاف پاکستان کی شکست پر عجیب منطق پیش کردی۔

محمد یوسف نے ٹیم کی ناکامی کا ''منطقی'' جواز پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہمارے لیے ایک خراب دن تھا، ہر میچ میں چھکے لگاتے رہے ہیں اس بار نہیں لگاسکے، یہ بھی ہوسکتا ہے کہ بولنگ اچھی ہوئی ہو، کبھی یہ بھی ہوتا ہے کہ کچھ بھی کریں غلط ہوجاتا ہے۔ اس باراسٹروکس پر گیند ہاتھوں میں گئی،گذشتہ میچ میں کیویز اچھی کرکٹ نہیں کھیلے تو ہارگئے، اس بار ہم نے غلطیاں کیں،کارکردگی میں تسلسل لانے کے لیے ہمیں غلطیوں سے سبق سیکھنا ہوگا۔

انھوں نے کہا کہ اسی پچز پر 4 یا 5 میچز ہوئے، پاکستانی بیٹنگ کے دوران دھوپ نکلی ہوئی تھی، گیند سلو بھی آرہی تھی، اسپنرز وکٹیں لے گئے، ان کی بیٹنگ میں بادل تھے، گیند بھی بیٹ پر آرہی تھی، بہرحال میں کوئی جواز پیش نہیں کررہا۔


مزید پڑھیں: سہ فریقی سیریز؛ نیوزی لینڈ نے پاکستان کو 9 وکٹوں سے شکست دے دی

بیٹنگ کوچ نے کہا کہ ایک ڈیڑھ سال سے یہی اوپننگ جوڑی چل رہی ہے،اس کو تبدیل کرنے پر کوئی بات نہیں ہوئی نہ ہونا چاہیے، ورلڈکپ قریب ہے،اس طرح کے چانس لینا مشکل ہے،پہلے میچ میں محمد رضوان،دوسرے میں بابر اعظم مین آف دی میچ تھے،تبدیلی کرنے کی کوئی وجہ سمجھ نہیں آتی،مینجمنٹ سمجھتی ہے کہ جس طرح کا پیئر چل رہا ہے ویسے ہی رہے گا۔

Load Next Story