پی ایس ایل 8 کے لیے بھی ڈرافٹ ہوگا

18 نومبرکو انعقاد متوقع،فرنچائزز پلیئرز کی نیلامی کا ماڈل مسترد کرچکیں

بورڈ اور ٹیم اونرز میں کرکٹرز کی سیلری کیپ بڑھانے پر اتفاق ہو گیا (فوٹو: فائل)

پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے آٹھویں ایڈیشن کیلیے بھی ڈرافٹ کا انعقاد کیا جائے گا،ممکنہ طور پر18 نومبر کو کھلاڑیوں کا انتخاب ہو گا، فرنچائزز پہلے ہی پلیئرز کی نیلامی کا ماڈل مسترد کر چکی ہیں، پی سی بی اور ٹیم اونرزنے مستقبل کیلیے اس پر تبادلہ خیال جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کردی،کرکٹرز کی سیلری کیپ بڑھانے پر اتفاق ہو گیا۔

تفصیلات کے مطابق چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ رمیز راجہ کی خواہش ہے کہ آئی پی ایل کی طرز پر پی ایس ایل میں بھی پلیئرز کو نیلامی کے ذریعے منتخب کیا جائے، اس حوالے سے بات چیت بھی ہو رہی تھی،آکشن پلس ڈرافٹ کا ہائبرڈ نظام بھی زیر غور آیا،البتہ فرنچائزز نے پہلے ہی اسے متفقہ طور پر مسترد کر دیا تھا، ان کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے جلد بازی مناسب نہیں ،مزید غوروخوص کرنا چاہیے۔

بورڈ نے یہ بات مان لی، آئندہ برس 9 فروری سے 19 مارچ تک ملک کے مختلف شہروں میں شیڈول آٹھویں ایڈیشن کیلیے بھی کرکٹرز کا انتخاب سابقہ ڈرافٹ ماڈل کے ذریعے ہی ہوگا، پی سی بی اور ٹیم اونرزنے مستقبل کیلیے آکشن ماڈل پر بات چیت جاری رکھنے پر آمادگی ظاہر کی ہے، ڈرافٹ کی مجوزہ تاریخ 18 نومبر ہو گی، بورڈ نے 16 سے 21 نومبر میں سے کسی دن کے انتخاب کا کہا تھا،کرکٹرز کی سیلری کیپ بڑھانے پر اتفاق ہو گیا، اس حوالے سے حتمی فیصلہ آئندہ چند روز میں ہوگا۔


مزید پڑھیں: پی ایس ایل کے ساتھ ویمنز لیگ، تنازع کا خدشہ

اب تک فرنچائزز نے جتنے غیرملکی کھلاڑیوں سے رابطہ کیا تقریبا سب نے ہی پاکستان آنے میں دلچسپی ظاہر کر دی ہے۔

پیسے کی وجہ سے کوئی انکار نہیں کرے گا البتہ دیگر لیگز میں مصروفیات آڑے آ سکتی ہیں، طریقہ کار کے تحت سب سے پہلے پی سی بی مقامی کرکٹرز کی کیٹیگریز کا تعین کرے گا،اگر کسی کو اعتراض ہوا تو ریویو کیلیے درخواست دی جا سکتی ہے، پھر ٹریڈ ونڈو کھلے گی جس میں فرنچائزز کھلاڑیوں کا تبادلہ کر سکیں گی، ریٹینشن کیلیے حسب سابق زیادہ سے زیادہ 8 کھلاڑیوں کا انتخاب کیا جا سکے گا، اس کے بعد ڈرافٹ کا انعقاد ہوگا۔
Load Next Story