پہلی سے چوتھی جماعت کا نصاب تبدیل قومی شخصیات پر مبنی اسباق شامل

مذہبی اور قومی شخصیات میں حضرت عثمان غنیؓ ، بابائے قوم قائد اعظم، حیدر بخش جتوئی پر اسباق شامل کرلیے گئے

شہیدبینظیربھٹو،ارفع کریم،عبدالستارایدھی،جی ایم سید،کیپٹن کرنل شیر خان شہید،ملالہ یوسف زئی کے اسباق پر مبنی کتب نئے تعلیمی سال پر طلبا کو فراہم کی جائیں گی۔ فوٹو: فائل

محکمہ تعلیم نے پہلی سے چوتھی جماعت کے پرائمری نصاب میں تبدیلی کرتے ہوئے موجودہ اور ماضی قریب کی معروف پاکستانی شخصیات کو قومی ہیرو کے طور پر نصاب میں شامل کرلیا ہے، نصاب میں مختلف شعبوں میں اپنا نام پیداکرنے والے کم عمرافراد بھی شامل ہیں۔

تفصیلات کے مطابق قومی شخصیات کے طور پر پرائمری سطح کے نصاب میں شامل کی جانے والی موجودہ شخصیات میں ملالہ یوسف زئی، جنوبی وزیرستان کی اسکوائش کھلاڑی ماریہ طور اور عبدالستارایدھی کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے جبکہ ماضی قریب کی شخصیات میں مسلم دنیا کی پہلی وزیراعظم اور پیپلز پارٹی کے سابق چیئرپرسن شہید محترمہ بینظیربھٹواور9 سال کی عمرمیں مائیکروسوفٹ کی سرٹیفائیڈ پروفیشنل کااعزاز حاصل کرنے والی آئی ٹی ماہر ارفع کریم شامل ہیں، نصاب میں جی ایم سید ، خاتون نصرت ہارون اورکارگل کے محاذ پر نشان حیدرحاصل کرنے والے کیپٹن کرنل شیر خان،13ویں صدی عیسوی کے معروف فارسی شاعر شیخ سعدی کے علاوہ مذہبی شخصیات کے طور پر خلفائے راشدین میں خلفیہ سوئم حضرت عثمان غنیؓ اورخلیفہ چہارم حضرت علیؓ کے علاوہ حضوراکرمؐؐ کی صاحبزادی حضرت فاطمہ زہرا ؓ کے بارے میں اسباق اور مضامین نصاب کا حصہ ہوں گے۔




ان تمام شخصیات سے متعلق تفصیلات کو پہلی سے چوتھی جماعت کی انگریزی، اردو اور معلومات عامہ کی کتابوں میں اسباق کے طور پر شامل کیا گیا ہے واضح رہے کہ ان جماعتوں میں معاشرتی علوم کوختم کرکے معلومات عامہ متعارف کرائی گئی ہے ، ''ایکسپریس'' کوسندھ ٹیکسٹ بک بورڈ کے قائم مقام چیئرمین اور اسپیشل سیکریٹری تعلیم اسکول ونگ نے بتایا کہ پہلی جماعت کی اردوکی کتاب میں بابائے قوم قائد اعظم محمد علی جناح ،عبدالستارایدھی اور حضرت فاطمہ زہرا ؓ ،دوسری جماعت کی اردوکی کتاب میں علامہ اقبال، قائداعظم محمد علی جناح ، حضرت عثمان غنیؓ،تیسری جماعت کی اردوکی کتاب میں قائد اعظم محمد علی جناح اورحسن علی آفندی جبکہ چوتھی جماعت کی اردوکی کتاب میں کیپٹن کرنل شیرخان نشان حیدر ، فارسی شاعر شیخ سعدی، صوفی شاعر شاہ عبدالطیف بھٹائی اور حضرت علیؓ کی زندگیوں سے متعلق اسباق کو نصاب کا حصہ بنایا گیا ہے۔



تیسری جماعت کی انگریزی کی کتاب میں راشد منہاس شہید اور چوتھی جماعت کی معلومات عامہ کی کتاب میں قائد اعظم محمد علی جناح ، عبداللہ ہارون ،جی ایم سید، مولانادین محمد وفائی ،غلام محمد برقری، بیگم رقیہ شمس الدین، حیدر بخش جتوئی، تحریک پاکستان کی خاتون رہنما نصرت ہارون، علامہ آئی آئی قاضی ، سچل سرمستؒ ، شہید محترمہ بینظیربھٹو، ملالہ یوسف زئی،ارفع کریم ،پاکستانی اسکوائش کھلاڑی ماریہ طور اور بچوں کی جبری مشقت کے خلاف آوازاٹھانے کی پاداش میں قتل کیے گئے12سالہ اقبال مسیح نصاب میں شامل کیے گئے ہیں، واضح رہے کہ ان نئے اسباق پر مشتمل کتب چھپائی کے لیے ناشران (پبلشرز)کے حوالے کی جاچکی ہیں اور آئندہ ماہ سے شروع ہونے والے نئے تعلیمی سال2014 کے موقع پر سرکاری اسکولوں اور اردو بازار میں فراہم کردی جائیں گی قائم مقام چیئرمین سندھ ٹیکسٹ بک بورڈ ذاکرشاہ کا کہنا تھا کہ یہ تمام نصاب حکومت سندھ کی جانب سے بنائی گئی سہ رکنی کمیٹی کی جانب سے منظوری کے بعد چھپائی کے لیے پبلشرزکے حوالے کیاگیاہے۔
Load Next Story