ملکی انڈسٹری کو تحفظ دیا جائے گا وفاقی وزیر خزانہ

عام آدمی پر اثرات کا حامل کوئی بوجھ انڈسٹری پر نہیں ڈالا جائے گا،ایس آراو کمیٹی کااجلاس

ای ڈی بی کومشینری پرٹیکس سفارشات کی تیاری کیلیے ایف بی آرسے مل کر کام کرنے کی ہدایت فوٹو : اے پی پی/فائل

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ ملکی انڈسٹری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا جبکہ مقامی صنعت کے فروغ کے لیے اس کی ترقی و پروموشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے ۔


ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم کی طرف سے غیرضروری ایس آراوز کے خاتمے کے لیے قائم کردہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایس آر اوز کو ریشنلائز بنانے کے حوالے سے جائزہ لیا گیا۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی طرف سے ایس آر اوز کو ریشنلائزڈ بنانے کے لیے سخت محنت کی جارہی ہے، ایف بی آر کی ٹیم اس پر کام کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملکی صنعت کے فروغ کے لیے اسکی ترقی و پروموشن پر توجہ دینے کی ضرورت ہے، مقامی انڈسٹری کی ترقی میں انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کا کردار انتہائی اہم ہے۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ مقامی انڈسٹری کو مکمل تحفظ دیا جائے گا اورمقامی انڈسٹری پر کوئی ایسا بوجھ نہیں ڈالا جائے گا جس سے عام آدمی متاثر ہو۔ اجلاس میں وزیر خزانہ نے چیئرمین انجینئرنگ ڈیولپمنٹ بورڈ کے حکام کو ہدایت کی کہ مشینری اور اس سے متعلق دیگر اشیا پر کسٹمز ڈیوٹی اور ٹیکسوں سے متعلقہ سفارشات کو حتمی شکل دینے کے لیے ایف بی آر کی ٹیم کے ساتھ مل کر کام کیا جائے۔

اس موقع پر وزیر خزانہ نے صنعت کاروں اور تاجروں کو یقین دہانی کرائی کہ ملک میں روزگار کے مواقع پیدا کرنے کے مقاصد کے لیے اور ملکی انڈسٹری کو درپیش مسابقت کے چیلنج کو مدنظر رکھتے ہوئے ملکی انڈسٹری کو مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا۔اے پی پی کے مطابق وزیر خزانہ نے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندوں کو یقین دلایا کہ روزگار اور مسابقت کو فروغ دینے کے سلسلے میں مقامی صنعت کے مفادات کا تحفظ کیا جائے گا۔ انہوں نے چیئرمین ایف بی آر کو ہدایت کی کہ چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان کی سفارشات حاصل کرنے کے لیے ان کے ساتھ علیحدہ ملاقات کی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی جانب سے اس کمیٹی کی تشکیل اور اس میں متعلقہ وزارتوں اور تاجر نمائندوں سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کی شمولیت کا مقصد ایس آر اوز میں موجود خامیوں کو دور کرنے کے سلسلے میں مشترکہ فیصلے کرنا ہے۔ اجلاس میں وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال، وزیر تجارت خرم دستگیر خان، وزیر ٹیکسٹائل انڈسٹری عباس خان آفریدی، وفاقی سیکریٹری خزانہ ڈاکٹر وقار مسعود، سیکریٹری سرمایہ کاری بورڈ اور مختلف چیمبرز آف کامرس کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔
Load Next Story