ویسٹ انڈیز نے بنگال ٹائیگرز کو جال میں پھانسنے کا منصوبہ بنا لیا

سیمی فائنلز میں رسائی کیلیے تمام میچز جیتنا چاہیں گے، ڈیرن سیمی، نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے، مشفیق الرحیم

سیمی فائنلز میں رسائی کیلیے تمام میچز جیتنا چاہیں گے، ڈیرن سیمی، نئے عزم کے ساتھ میدان میں اتریں گے، مشفیق الرحیم۔ فوٹو : اے ایف پی / فائل

ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں آج بنگلہ دیش کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا،کیریبیئن سائیڈ نے بنگال ٹائیگرز کو جال میں پھانسنے کا منصوبہ بنالیا، بھارت کے ہاتھوں شکست کا غصہ میزبان ٹیم پر نکالا جائے گا۔


کپتان ڈیرن سیمی کا کہنا ہے کہ سیمی فائنلز میں رسائی کیلیے باقی میچز میں فتح کی ہرممکن کوشش کریں گے، کرس گیل اپنا کھیل دکھانے کو بیتاب ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش سپر ٹین میں سفر کے فاتحانہ آغاز کیلیے پرامید ہے، کپتان مشفیق الرحیم کا کہنا ہے کہ ہانگ کانگ سے شکست کو پس پشت ڈال چکے، ہوم کنڈیشنز کا پورا فائدہ اٹھائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق دفاعی چیمپئن ایونٹ کے پہلے ہی مقابلے میں بھارت کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہوکر اپنا سفر دشوار بناچکی ہے تاہم اب وہ بنگلہ دیش پر ہاتھ صاف کرکے ایک بار پھر سیمی فائنل کھیلنے کی اپنی امیدوں کا دیا روشن رکھنے لیے پرعزم ہیں ۔ پہلے مقابلے میں بیٹنگ لائن نے دھوکا دیا، امیدوں کے محور کرس گیل اپنا کھیل دکھا ہی نہیں پائے تھے، دو ڈراپ کیچز کی بدولت 33 بالز پر انھوں نے 34 رنز اسکور کیے تھے، خاص طور پر بھارتی اسپنرز کے سامنے پوری ٹیم ہی جدوجہد کرتی ہوئی دکھائی دی تھی۔ ڈیرن سیمی اب فائنل میں بھارت سے ٹکرائو کا خواب دیکھ رہے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ ہم بھارتی اسپنرز کی بولنگ کا جواب پیش نہیں کرپائے۔

پہلا رائونڈ بلو شرٹس کے نام رہا میرا اس بات پر گہرا یقین ہے کہ ہم اسی ٹورنامنٹ میں ایک بار پھر آمنے سامنے آئیں گے اور ہم اسی کے منتظر ہیں، دھونی الیون نے کنڈیشنز سے بھرپور فائدہ اٹھایا مگر ہم یہاں پر اچھی بیٹنگ نہیں کرپائے اور پھر بھی اسکور کو 130 تک لے گئے، ہمیں گھبرانے کی کوئی ضرورت نہیں، ابھی ہمیں بنگہ دیش، آسٹریلیا اور پاکستان کا مقابلہ کرنا ہے، ہم ان تمام ٹیموں کے خلاف فتح حاصل کرکے سیمی فائنل میں جگہ بنانے کے لیے پراعتماد ہیں۔ دوسری جانب بنگلہ دیش ٹیم ابھی تک ابتدائی رائونڈ میں ہانگ کانگ کے ہاتھوں ملنے والی شکست کے صدمے سے باہر آنے کے لیے کوشاں ہیں، اگر ہانگ کانگ اس میچ میں 109 رنز کا ہدف 13.1 اوورز میں حاصل کرلیتا تب پھر سپر 10 رائونڈ نیپال کھیل رہا ہوتا۔ کپتان مشفیق الرحیم اس مرحلے میں بہتر کھیل کے لیے پراعتماد ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جوکچھ آخری میچ میں ہوا اس کو بھول جانا آسان نہیں ہے مگر کرکٹ اس قسم کے سرپرائز سے بھری ہوئی ہے، مختصر طرز کے فارمیٹ میں کوئی بھی ٹیم جیت سکتی ہے، ہمارا بھی اس رائونڈ میں کامیابی کا امکان موجود اور اس کے لیے ہمیں 100 فیصد صلاحیتوں کا مظاہرہ کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story