کراچی اسٹاک مارکیٹ حصص کی خریداری کے باعث مزید 151 پوائنٹس ریکور

100انڈیکس 26 ہزار 821 پوائنٹس ہوگیا، سرمائے میں 40 ارب روپے کا اضافہ

100انڈیکس 26821 پوائنٹس ہوگیا، سرمائے میں 40 ارب روپے کا اضافہ،370 کمپنیوں کا کاروبار، 199میں اضافہ، 158میں کمی۔ فوٹو : آن لائن/فائل

سرمایہ کاروں کی جانب سے آئل اینڈ گیس،بینکنگ اور دیگر مخصوص سیکٹرز میں حصص کی خریداری کے باعث اسٹاک مارکیٹ میں ریکوری کا سلسلہ جاری رہا اور گزشتہ روز کے ایس ای 100انڈیکس میں مزید151پوائنٹس کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا جس کے بعد انڈیکس26821پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔


مارکیٹ میں ریکوری کے باعث سرمائے کے حجم میں بھی اضافہ دیکھا گیا اور مارکیٹ سرمائے کا حجم 40ارب روپے سے زائد اضافے کے بعد64کھرب کی سطح سے بڑھ کر65کھرب3ارب روپے کی سطح سے زائد رہا۔ کاروباری حجم میں 1کروڑ سے زائد حصص کا اضافہ دیکھا گیا جس کے بعد کاروباری حجم 12 کروڑ 34لاکھ سے زائد حصص پر مشتمل رہا۔ مجموعی طور پر 370 کمپنیوں کے حصص کا لین دین ہوا جس میں سے 199 کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں اضافہ، 158کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی اور13کمپنیوں کے حصص کی قیمتوں میں کمی دیکھی گئی۔مارکیٹ ذرائع کے مطابق سرمایہ کاروں کی جانب سے مخصوص سیکٹرز میں حصص کی خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری کا سلسلہ جاری رہا۔

ٹریڈنگ کے دوران آئل اینڈ گیس انڈیکس میں71جبکہ بینکنگ انڈیکس میں 152پوائنٹس کا اضافہ دیکھا گیا۔ وایئتھ پاک اور رفحان میعظ کے حصص کی قیمتوں میں سب سے زیادہ اضافہ دیکھا گیا جہاں وائتھ پاک کے حصص کی قیمت 215 روپے اضافے سے 4515اور رفحان میعظ کے حصص کی قیمت 103.50 روپے اضافے سے 8600 روپے رہی جبکہ کولگیٹ پامولیو کے حصص کی قیمت 34.90 روپے کمی سے 1605.10اور فلپ مورس کے حصص کی قیمت 12روپے کمی سے 580.69 روپے رہی۔ کے ایس ای 30 انڈیکس 91 پوائنٹس اضافے سے 19019 اور کے ایس ای آل شیئرز انڈیکس 126 پوائنٹس اضافے سے 20160 پوائنٹس پر بند ہوئے۔
Load Next Story