ورلڈکپ فٹبال نجی کمپنیوں کیلیے پیکیج کی منظوری

تمام اسٹیڈیمز میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل مکمل ہوجائیں گے، سیکریٹری فیفا کو یقین

تمام اسٹیڈیمز میگا ایونٹ کے آغاز سے قبل مکمل ہوجائیں گے، سیکریٹری فیفا کو یقین۔ فوٹو: فائل

عارضی اسٹیڈیم سہولیات کی لاگت پر گرما گرم بحث کے بعد پورٹو الیگرے کے ارکان اسمبلی نے ٹیکس ترغیبات کے منصوبے کی حمایت کردی۔


بائرا مار اسٹیڈیم میں11 ملین ڈالر لگانے والی نجی کمپنیوں کیلیے ووٹنگ کے بعد پیکیج کی منظوری دیدی گئی، دوسری جانب فیفا سیکریٹری جنرل برازیل پہنچ گئے، لوکل آرگنائزنگ کمیٹی اور برازیل کے ساتھ مل کر بقایا چیلنجز کے حل تلاش کرنے کی یقین دہانی کرا دی۔ تفصیلات کے مطابق پورٹو الیگرے کے ارکان اسمبلی نے ووٹنگ کے بعد بائرا مار اسٹیڈیم میں 11 ملین ڈالر لگانے والی نجی کمپنیوں کیلیے پیکیج کی منظوری دیدی ۔ فیصلہ ایسے وقت عمل میں آیا جب فیفا سیکریٹری جنرل جیروم والکے ورلڈ کپ آرگنائزنگ کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کیلیے ریو ڈی جنیرو پہنچے ہیں۔ آمد کے بعد ٹویٹر پر ایک پیغام میں انھوں نے لکھا کہ تین اسٹیڈیمز اب تک مکمل نہ ہونے کے باوجود تمام سہولیات ورلڈ کپ کے آغاز سے قبل مکمل ہوجائیں گی۔

انھوں نے کہا کہ ایل او سی اور برازیل کیساتھ مل کر باقی درپیش چیلنجز پر قابو پالیا جائیگا۔ ان چیلنجز میں ساؤ پاؤلو، کیوریٹیبا اور کوئیبا اسٹیڈیمز کی تکمیل کیساتھ پورٹو الیگرے کے اسٹیڈیم کیلیے عارضی سہولیات کیلیے رقم کی فراہمی ہے۔ پورے برازیل میں 12 وینیوز کے مقامی حکام ورلڈ کپ پر کم سے کم سرکاری رقم خرچ کرنے کی جستجو میں ہیں،کچھ افراد ورلڈ کپ کی تیاریوں پر صرف ہونیوالے 11 بلین ڈالر کیخلاف مظاہرے کررہے ہیں۔ گذشتہ روز ساؤ پاؤلو کیلیے ایک اچھی خبر سامنے آئی جب شہر کے کورنتھیانز ارینا کیلیے اسٹیٹ ڈیولپمنٹ فنڈ سے 175 ملین ڈالر کا پہلا دوتہائی قرض مل گیا۔ پورٹو الیگرے کے معاملے میں اسٹیڈیم کا گذشتہ ماہ صدر دلما روسیف نے افتتاح کیا تھا لیکن ابھی اس کا کچھ کام باقی ہے،اسٹیڈیم مالکان انٹرنیشنل نے مزید نقد رقم کی ضرورت پر زور دیا ہے۔ کیوریٹیبا کو تقریباً ورلڈ کپ کی میزبانی سے الگ کردیا گیا تھا لیکن والکے نے گذشتہ ماہ یقین دہانی کے بعد اسے ایک اور موقع دے دیا۔
Load Next Story