آئی سی سی ورلڈکپ ٹی 20 سری لنکا سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کیلیے پُراعتماد

آج انگلینڈ سے تیسرا مقابلہ ہو گا،نیدرلینڈز کی ٹیم مضبوط جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی، دونوں میچز چٹاگانگ میں شیڈول

چٹاگانگ: ظہوراحمد چوہدری اسٹیڈیم میں پریکٹس سیشن کے دوران سری لنکن پیسر لسیتھ مالنگا گہری سوچ میں گم، ساتھ بیٹھے کپتان دنیش چندیمل بیٹ کا جائزہ لے رہے ہیں،انگلینڈ سے مقابلہ آج ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی

KARACHI:
ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں آج دونوں میچزچٹاگانگ میں ہوں گے، نیدرلینڈزکی ٹیم مضبوط حریف جنوبی افریقہ کا سامنا کرے گی، سری لنکاکا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔

آئی لینڈرز مسلسل تیسری فتح سے سیمی فائنل کا ٹکٹ کٹوانے کیلیے پُراعتماد ہیں، کپتان دنیش چندیمل کا کہنا ہے کہ انگلش ٹیم کو گھیرنے کی منصوبہ بندی کرلی، غفلت کا شکار نہیں ہونگے، دوسری جانب انگلینڈ کے پاس غلطی کی گنجائش نہیں ہے، دوڑ میں شامل رہنے کیلیے ہرصورت فتح درکار ہوگی۔ ادھر پروٹیز کمزور حریف پر ہاتھ صاف کرکے اپنا رن ریٹ بہتر بنانے کے خواہاں ہیں، دوسری جانب ڈچ کپتان پیٹر بورین کا کہنا ہے کہ اس بار آسانی سے ہتھیار نہیں ڈالیں گے۔


تفصیلات کے مطابق سری لنکا ورلڈ ٹوئنٹی 20 میں اپنے ابتدائی دونوں معرکے سر کرچکا، لسیتھ مالنگا کی خوفناک بولنگ کی بدولت اس نے جنوبی افریقہ کو 5 رنز سے زیر کیا جبکہ نیدرلینڈز کیخلاف 9 وکٹ سے کامیابی حاصل کی، اس طرح وہ گروپ ون میں پوائنٹس ٹیبل پر سرفہرست اور سیمی فائنل میں سیٹ بک کرانے کیلیے اسے مزید ایک اور فتح درکار ہے، لسیتھ مالنگا کے ساتھ اس کا انحصار اپنے سلو اٹیک پر ہے، ٹیم میں کسی تبدیلی کا امکان نہیں، اگرچہ نیدرلینڈز سے مقابلے میں کوشل پریرا کے انگوٹھے پر چوٹ آئی تھی لیکن وہ سلیکشن کیلیے دستیاب ہوں گے۔

کپتان دنیش چندیمل کا کہنا ہے کہ ہم سیمی فائنل میں جگہ پانے کا مزید انتظار نہیں کرسکتے،اس لیے انگلینڈ کو ہی زیر کرکے اپنا پہلا ہدف حاصل کرلیں گے۔ دوسری جانب ڈک ورتھ لوئس پر نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست سے دوچار ہونے والی انگلش ٹیم کو فائنل فور میں رسائی کی دوڑ میں شریک رہنے کیلیے ہر صورت فتح درکار ہوگی، ای ین بیل کے پیٹ میں تکلیف لہذاکرس ووئکس کو میدان میں اتارا جاسکتا ہے۔ بیٹسمین روی بوپارا نے کہاکہ مالنگا ایک خطرہ ہیں مگر ہم انھیں بے اثر کرنے کا گُر جانتے ہیں۔ اسی روز پہلے مقابلے میں جنوبی افریقہ کا مقابلہ نیدرلینڈز سے ہونا ہے، آئی لینڈرز کے ہاتھوں ڈچ سائیڈ کی درگت دیکھ کر پروٹیز نے بھی بڑے مارجن سے فتح پاکر اپنا رن ریٹ بہتر بنانے کا منصوبہ تیار کرلیا تاکہ کسی ٹیم سے پوائنٹس کی برابری پر رن ریٹ پر فیصلہ ہوتو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

نیوزی لینڈ سے میچ کے آخری اوور میں اسٹین نے 7 رنز کا دفاع کرکے نہ صرف ٹیم کو فتح دلائی بلکہ کھلاڑیوں کا اعتماد بھی آسمان کو چھونے لگا،کپتان ڈوپلیسی کو ہیمسٹرنگ انجری سے مکمل نجات کیلیے آرام کا موقع فراہم کیا جا سکتا ہے، وہ کیویز کے خلاف کھیلے تھے۔ سری لنکا سے میچ میں صرف 39 رنز پر ڈھیر ہونے والی نیدرلینڈز کی ٹیم پھر سے اپنے پائوں پر کھڑا ہونے کیلیے پُرعزم ہے، کپتان بورین نے کہاکہ ہمارے پاس ٹاپ آرڈر میں ایسے کھلاڑی موجود جو ٹاپ لیول پر کھیل سکتے ہیں، ہم پہلے بھی پرفارم کر چکے اور اب جنوبی افریقہ کو ٹف ٹائم دینے کیلیے پُرعزم ہیں۔
Load Next Story