ویمنز ٹی 20 پاکستانی ٹیم آج کیویز کیخلاف صف آرا

ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 36 رنز سے ہرادیا، بھارت کیخلاف انگلینڈ کی کامیابی

آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 کے میچ میں بنگلہ دیشی بولر فہیمہ خاتون وکٹ ملنے پر خوشی سے بے قابو، ویسٹ انڈین پلیئر مایوس پویلین لوٹ رہی ہیں۔ فوٹو: آئی ڈی آئی

KARACHI:
آئی سی سی ویمنز ورلڈ ٹی 20 میں جمعرات کو پاکستانی ٹیم کیویز کیخلاف صف آرا ہوگی، ابتدائی میچ میں جنوبی افریقہ کے ہاتھوں 44رنز سے شکست کے باوجودکپتان ثنا میر عمدہ کھیل کیلیے پُراعتماد ہیں۔


ان کا کہنا ہے کہ ایک میچ ہارنے سے دنیا ختم نہیں ہوگئی، بیٹسویمنز نے بہتر پرفارم کیا، بنگلہ دیشی وکٹیں ہمارے لیے نئی نہیں ہیں، ہم یہاں گذشتہ برس بھی کھیل چکے ہیں، ہمارے لیے ٹیم پر اعتماد رکھنا سب سے اہم ہوگا، دوسری جانب ابتدائی دونوں میچز میں فتحیاب رہنے والی کیوی ٹیم مسلسل تیسری کامیابی حاصل کرکے سیمی فائنل میں رسائی یقینی بنانا چاہے گی،کپتان سوزی بیٹس سردست عمدہ فارم میںہیںِ، انھوں نے آئرلینڈ کیخلاف بھی جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے ففٹی اسکور کی، وہ پاکستان سمیت اپنے آئندہ 2 میچزکی پلیئنگ الیون میں چند تبدیلیوں کا ارادہ رکھتی ہیں، جمعرات کو دوسرا مقابلہ آسٹریلیا اور آئرلینڈ کے درمیان ہوگا۔

بدھ کو گروپ 'بی ' میچزمیں ویسٹ انڈیز نے بنگلہ دیش کو 36رنز سے ہرادیا، یہ کیریبیئن سائیڈ کی مسلسل دوسری فتح ہے، فاتح ٹیم نے 115رنز اسکور کیے، دیندرا ڈوٹن 34رنز بناکر نمایاں رہیں، خدیجہ الکبری نے 3 جبکہ فہیمہ خاتون اور سلمہ خاتون نے 2،2 پلیئرز کو آئوٹ کیا، میزبان ٹیم 17.3 اوورز میں 79رنز پر ڈھیر ہوگئی،شاکوانا کوائنٹن نے 3 وکٹیں اپنے نام کیں،انگلینڈ نے بھارت کو لو اسکورنگ مقابلے میں 5 وکٹ سے قابو کرلیا، فاتح ٹیم نے 96 کا ہدف 18.1 اوورز میں 5 وکٹ پر پایا، کپتان متھالی راج (57) کی ففٹی رائیگاں گئی، اینیا شربھوسلے اور جینی گن نے 3،3 کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا،اوپنر سارہ ٹیلر28رنز کے ساتھ فاتح ٹیم کی ٹاپ اسکورر بنیں۔
Load Next Story