فوج بھیجنے کی بات سازش ہے ثبوت دیے جائیں پرویز رشید

طالبان سے مذاکرات میں پیشرفت ہورہی ہے، ہمسایوں سے تعلقات پر پالیسی واضح ہے

صحافیوں کے تحفظ کیلیے کوشاں ہیں، میڈیا کمیشن رپورٹ کے اجرا پر خطاب وگفتگو۔ فوٹو: آن لائن/فائل

وفاقی وزیراطلاعات سینیٹرپرویز رشیدنے کہاہے کہ طالبان سے جاری مذاکراتی عمل میں ہر گزرتے دن کے ساتھ پیش رفت ہورہی ہے۔

پاک فوج صرف پاکستان کے دفاع کے لیے ہے، دوسرے ملک کے معاملات میں مداخلت کے الزامات لگانے والے ملک کوبدنام کرنے کی سازش کررہے ہیں۔ ایسی باتیں کرنے والے ثبوت پیش کریں۔ تمام ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پرحکومت کی پالیسی واضح ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی سفارشات پرعملدر آمد کرناپارلیمنٹ کی صوابدیدہے۔ قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات ونشریات کی سفارشات کو مدنظر رکھ کراطلاعات تک رسائی کا بل قومی اسمبلی میں پیش کیاجائے گا۔ حکومت صحافیوں کو تحفظ فراہم کرنے کیلیے کوشاں ہے۔ میڈیاکمیشن 2013کی سفارشات پر ہرصورت عمل کریں گے۔ وہ جمعرات کومیڈیا کمیشن2013 کی رپورٹ کی کتابی شکل میں اجراکے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب اورمیڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ انھوںنے کہاکہ وزارت اطلاعات ونشریات نے اپناسیکرٹ فنڈختم کردیا۔ میڈیا کے ضابطہ اخلاق کی تیاری کا عمل جاری ہے۔ میڈیا مالکان، صحافتی تنظیموں کی سفارشات کاانتظار کررہے ہیں۔


انھوں نے کہاکہ میڈیا ملکی سیاست اور معاشرے کی عکاسی کرتا ہے۔ ابھی تک بدقسمتی سے ملک میں جمہوری عمل فروغ نہیں پاسکا جس کے باعث میڈیاکے حوالے سے مختلف لوگوںکو شکایتیں ہیں۔ انھوں نے کہاکہ پابندی کسی مسئلے کا حل نہیں ہے۔ طاقت کا استعمال ہمیشہ معاملات کو بگاڑتاہے۔ پاکستانی میڈیا ابھی ارتقاکے عمل سے گزررہا ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل کی دوسری شادی کے حوالے سے سفارشات کا ذکر کرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ کونسل کی سفارشات سے کسی بھی سیاسی جماعت نے اتفاق نہیں کیا جس کے باعث کونسل کی سفارشات تحلیل ہوگئی ہیں۔ ماماقدیر سمیت کسی بھی ایسے شخص کی کوریج کو روکنے کے لیے ٹی وی چینلزکو کوئی خط جاری نہیں کیابلکہ پیمراکے پاس بھی ٹی وی چینلز پر کسی کی کوریج رکوانے کا اختیار نہیں ہے۔

انھوں نے کہاکہ پی ٹی وی اورپاکستان براڈکاسٹنگ کوبی بی سی کی طرزپر بنانے کے لیے جلد سفارشات وزیراعظم کو بھیجی جائیں گی۔ انھوںنے کہا کہ وزیراعظم صحافیوںکے تحفظ کے لیے سنجیدہ ہیں اوراس حوالے سے کمیٹی بھی تشکیل دی ہوئی ہے۔ حکومت پاکستان کوصحافی دوست ملک بنانے کے لیے تمام اقدام کرے گی۔ بعدازاں میڈیاسے گفتگوکرتے ہوئے انھوں نے کہاکہ بنگلہ دیش حکومت کی جانب سے کرکٹ ورلڈکپ کے دوران پاکستان سمیت دنیا کے دیگرممالک کے پرچم گرائونڈمیں لہرانے پرعائد پابندی درست نہیں ہے۔ ملک میں امن وامان کے قیام اورمستقل جنگ بندی کے حوالے سے بات چیت ہو رہی ہے۔ نجم سیٹھی کے حوالے سے سوال کے جواب میں پرویزرشید نے کہا کہ پاکستان کے آئین میں کہیں نہیں لکھا کہ صحافی کرکٹ بورڈکا چیئرمین نہیں بن سکتا۔
Load Next Story