ڈگری کلاسز کے امتحانات 26نومبرسے شروع ہونگے

سرکاری ڈگری کالجوں کے پرنسپلز کا اجلاس آج( ہفتہ کی) صبح منعقد ہورہا ہے

بی اے کے امتحانات 26 نومبرسے، بی ایس سی کے امتحانات 3 دسمبراور بی کام کے امتحانات 10دسمبرسے شروع ہونگے. فوٹو: فائل

جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کے تحت ڈگری کلاسز کے سالانہ امتحانات 26 نومبر سے شروع ہونگے۔

امتحانات کے پہلے مرحلے میں بی اے کے امتحانات منعقدہوں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں بی ایس سی اورتیسرے مرحلے میں بی کام کے امتحانات لیے جائیں گے۔


بی اے کے امتحانات 26 نومبرسے بی ایس سی کے امتحانات 3 دسمبراور بی کام کے امتحانات 10دسمبرسے شروع ہونگے ،جامعہ کراچی کے شعبہ امتحانات کے تحت ڈگری کلاسز کے امتحانات کے شیڈول کوحتمی شکل دینے کے لیے یونیورسٹی سے الحاق شدہ کراچی کے سرکاری ڈگری کالجوں کے پرنسپلز کا اجلاس آج( ہفتہ کی) صبح منعقد ہورہا ہے جس کی صدارت ناظم امتحانات پروفیسر ڈاکٹر ارشد اعظمی کریں گے ۔

اجلاس میں امتحانات کی تاریخوں اور امتحانی مراکز جامعہ کراچی سے باہر کالجوں میں قائم کیے جانے پربھی غورکیا جائے گااورپرنسپلز کی تجاویز پربحث کی جائیگی،یاد رہے کہ سابق پرووائس چانسلر پروفیسر اخلاق احمد نے آزمائشی طورپرڈگری کلاسز کے امتحانی مراکز سرکاری کالجوںمیںمنتقل کیے تھے تاہم ان کایہ تجربہ ناکام ہوگیا تھاکیونکہ کالجوںاورشہر کی انتظامیہ ان امتحانی مراکز میں نقل پرقابوپانے میںناکام ہوگئی تھی۔

جس کے بعد اس وقت کے وی سی پروفیسرپیرزادہ قاسم نے معاملے میں مداخلت کرتے ہوئے آئندہ سال ایک بار پھر امتحانی مراکز جامعہ کراچی میں منتقل کردیے،علاوہ ازیں اجلاس میں نتائج کی تیاری میں دستی اندراج (مینول ٹیبولیشن) نہ کرائے جانے کامعاملہ بھی اٹھائے جانے کاامکان ہے،کالجوں کے پرنسپلز نتائج کے دستی اندراج نہ کرانے پر معترض ہیں ،واضح رہے کہ وی سی نے بھی نتائج کے دستی اندراج کے احکامات دیے ہیں۔
Load Next Story